تلنگانہ

تلنگانہ اُردوتحریک کے زیر نگرانی ’بزم تہذیب دکن‘ کا قیام _ میر عنایت علی باقری صدر اور شجاع الدین افتخاری مشیر نامزد

تلنگانہ اُردوتحریک کے زیر نگرانی ’بزم تہذیب دکن‘ کا قیام

ریاستی سطح کا شاندار اُردو مشاعرہ منعقد کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد۔27مئی (پریس نوٹ) تلنگانہ اُردو تحریک کے زیر نگرانی ’بزم تہذیب دکن‘ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس خصوص میں اتوار 26مئی کی دوپہر ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں بزم تہذیب دکن کے زیراہتمام ریاست بھر میں فروغ اُردوکے علاوہ ادبی‘ علمی محافل کے انعقاد اور اُردو ادبی مشاعروں کے ساتھ طنز ومزاح کے محافل بھی منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔

 

صدر تلنگانہ اُردو تحریک میر عنایت علی باقری‘ جنرل سکریٹری سید اسماعیل ذبیح اللہ کے علاوہ مشیر کے طور پر مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری‘ نائب صدور شبیر خان (کامیڈین)‘ کرشنا ریڈی‘ اور سکریٹری سید یحییٰ قادری‘ خازن سید مقبول احمد (انا)‘ پبلک سٹی سکریٹری سید کلیم الدین کو نامزد کیاگیا ہے۔ اس اجلاس میں طئے پایا کہ بہت جلد شہر حیدرآباد میں ایک ریاستی سطح کے ادبی اور مزاحیہ مشاعرے سے بزم کی کارکردگی شروع کی جائے گی۔ مذکورہ مشاعرے میں ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے اُردوشعراء کو بھی مدعو کیاجائے گا۔

 

بزم کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے میر عنایت علی باقری نے کہاکہ سرزمین دکن ادبی اور طنز ومزاح کی محفلوں کے لئے دنیا بھر میں مشہور ہے مگر پچھلے کچھ سالوں سے سرزمین دکن پر مشاعروں کے انعقاد کا سلسلہ تقریبا ختم ہوگیاہے۔ اس کے علاوہ فروغ اُردو کے تحریکیں بھی دم توڑ رہی ہیں۔ اسی وجہہ سے تلنگانہ اُردو تحریک نے اس بزم کے قیام فیصلہ کیاہے جس کے ذریعہ اُردو زبان کی ترقی اور ترویج کے لئے بھی جنگی خطوط پر کام کیاجائے گا۔

 

اس کے علاوہ اُردو کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بھی تلنگانہ اُردو تحریک خاموشی اختیار نہیں کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس تحریک اور بزم سے جڑ کر کوئی فروغ اُردو کے لئے کام کرنے کا خواہش مند ہے تو وہ بھی ہم سے رابطہ بھی کرسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button