سعودی عرب – مکانات اور ولاز کے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ

ریاض ۔ کے این واصف
مملکت میں آج کل مقامی اور خارجی باشندوں کے آگے جو سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ مکان کے کرایہ کی ادائیگی کاہے۔ مکان کے کرایوں اور دیگر ضرویات زندگی کی قیمتوں میں اضافے جاری ہیں اس پر ایک تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے۔سعودی عرب میں 2023 کے جون کے مقابلے میں اس سال جون میں سالانہ افراط زر کی شرح 1.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
مکانات، پانی، بجلی، گیس و ایندھن کی قیمتوں میں 8.4 فیصد، خوراک اور مشروبات کی قیمتوں میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹرانسپورٹیشن میں 2.7 فیصد کمی ہوئی ہے۔اخبار 24 کے مطابق جنرل اتھارٹی برائے شماریات (GASTAT) کا کہنا ہے کہ جون 2024 میں رہائشی کرایوں پر سب سے زیادہ اثر پڑا۔ مکان کے کرایوں میں 10.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ولاز کے کرایوں میں 7.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
GASTAT کے مطابق کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں 1.1 فیصد اضافے کی وجہ سبزیوں کی قیمتیں 6.5 فیصد بڑھنے سے ہوئیں۔ ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹ کی خدمات کی قیمت 9.8 فیصد بڑھنے سے ریستوران اور ہوٹلوں میں 2.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔ تعلیم کے شعبے میں 1.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ سیکنڈری اور انٹرمیڈیٹ کی تعلیمی فیسوں میں 4.1 فیصد اضافہ ہے۔