انٹر نیشنل

معروف صحافی، ناول نگار، شاعرہ فلم ساز ڈاکٹر سمیرہ عزیز پر متاثر کن سوانحی فلم

ریاض ۔ کے این واصف 

سعودی عرب کی معروف صحافی جنہوں نے اپنی مختلف الجہت صلاحیتوں کی بنا پر کئی شعبہ حیات میں نام پیدا کیا ہے اب ان کی ٹوپی میں ایک اور پنکھ کا ضافہ ہوا ہے۔ معروف بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر شاد علی نے اپنی آنے والی بایوگرافیکل فلم میں سمیرہ عزیز کی متاثر کن زندگی کو پردے پر پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فلم ڈاکٹر سمیرہ عزیز کی زندگی کا جائزہ پیش کرے گی،جو ایک ایسی سعودی خاتون ہیں جنہوں نے رکاوٹیں عبورکر کے سعودی میڈیا انڈسٹری میں اس وقت نئے معیار قائم کئے،جب خواتین کم ہی صحافت جیسی پیشہ ورانہ زندگی کا سعودی عرب میں انتخاب کیا کرتی تھیں ۔

 

جدہ میں مقیم ڈاکٹرسمیرہ عزیزسعودی عرب کے شہر الخبر میں پیدا ہوئیں۔ ان کے خاندان کی جڑیں 1947ء سے قبل انڈیا کے شہر لکھنوَ،بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ، پاکستان کے شہر کراچی تک پھیلی ہوئی ہیں۔ حوصلہ شکنی اور عدم توجہی کے باوجود سمیرہ نے میڈیا کے علاوہ کئی شعبون مین اپنا مقام بنایا۔ ڈائیریکٹر شاد علی کئی فلموں جیسے کہ ساتھیا، بنٹی اور ببلی، جھوم برابر جھوم، اوکے جانو، سورما وغیرہ کے حوالے سے پہچان رکھتے ہیں ۔

 

انہوں نے اپنی اس بائیو فلم کے پروجیکٹ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے ڈاکٹرسمیرہ عزیز کی حقیقی زندگی کی فوٹیج کی فلمبندی شروع کر دی ہے۔ نیز ان کی آپ بیتی کے وڈیو سیشن بھی ریکارڈ کر لئے ہیں ۔ یہ فلم پروجیکٹ حقیقی تصویر پیش کرتے ہوئے، سعودی میڈیا کی علمبردار ایک ایسی آئرن لیڈی کی کہانی کے بارے میں ہے ،جسے دنیا نے ابھی ٹھیک سے دریافت نہیں کیا ہے ۔ شاد علی نے بتایا کہ وہ اس فلم کا بڑا حصہ سعودی عرب میں فلمائیں گے تاکہ اس مملکت کے دلکش مقامات اور اس کے مقامی ماحول کی حقیقی عکاسی کر سکیں ، جہاں ڈاکٹر سمیرہ عزیز کی زندگی میں اتنی بڑی مثبت تبدیلی آئی ۔

 

انکور نگم کا کہنا ہے کہ اس فلم میں شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے ویژن 2030کو بھی اجاگر کیا گیا ہے ، کیونکہ ان کے اقدامات نے سعودی عرب کی عالمی امیج کو بہتر بنانے اور ڈاکٹر سمیرہ عزیز سمیت سعودی خواتین کی زندگیوں کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔اس کہانی میں نئی نسل کےلئے ایسی امید کی کرن ہے،جو یہ ثابت کرتی ہے کہ اگر یہ لڑکی یہ سب کر سکتی ہے،تو کوئی بھی ہار ماننے کے بجائے اپنے ہدف کو حاصل کر سکتا ہے-

متعلقہ خبریں

Back to top button