مدینہ منورہ کی تاریخی مسجد “قبلتین” جہاں روزانہ سیکڑوں زائرین پہنچ رہے ہیں

ریاض ۔ کے این واصف
موسم حج کے اختتام سے شہر نبی کریم میں زائرین بھاری تعداد میں موجودگی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ مدینہ منورہ آنے والے زائرین یہاں کے تاریخی مقامات اور مساجد بھی دیکھ رہے ہیں۔سرکاری خبررساں ادارے “ایس پی اے” کے مطابق مدینہ منورہ کی تاریخی مسجد “قبلتین” میں روزانہ سیکڑوں حجاج پہنچ رہے ہیں اور یہاں نماز ادا کرتے ہیں ۔ یہ وہ مسجد ہے جہاں دوران نماز قبلے کی تبدیلی کا حکم ہوا تھا۔
مسجد قبلتین مسجد نبوی کے مغرب میں 5 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ سب سے نمایاں تاریخی مقامات میں سے ایک ہے جہاں زائرین مدینہ میں اپنے قیام کے دوران حاضری دیتے ہیں۔مسجد قبلتین میں نمازیوں، حجاج اور عمرہ زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر مسجد کے بیرونی صحنوں میں سائبان نصب کیے گئے ہیں۔مسجد قبلتین میں توسیع کے بعد یہاں 3 ہزار تک نمازیوں کی گنجائش ہے۔
نئے منصوبے کے تحت بہت سی خدمات کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں مسجد سے منسلک ثقافتی مرکز، نمازیوں کے لیے مسجد اور بالائی و بیرونی صحنوں کے درمیان آمد ورفت کے لیے ایسکلیٹرز اور لفٹ بھی لگائے کئے ہیں۔