سوئچھ دانم۔ پچھا دانم پروگرام کے فلکس پر اُردو نظر انداز۔ مجلسی قائدین کی کمشنر بلدیہ مندا مکرندا سے کامیاب نمائندگی
اُردو زبان میں بھی صاف صفائی سرسبز و شاداب پروگرام کے فلکس کی اجرائی کا مجلسی قائدین کو تیقن

نظام آباد: 5/ اگست(اردو لیکس) ریاست تلنگانہ میں اُردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا تاہم مختلف سرکاری پروگراموں میں اُردو زبان کے پوسٹرس اور فلکس پر بشمول اُردو اخبارات کیلئے اشتہارات کی اجرائی کو نظر انداز کرنے کی ایک روایت جاری ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے آج سے آغاز کردہ صاف صفائی و سرسبزو شاداب (سوئچھ دانم۔ پچھا دانم) پروگرام کے تحت شہر کے مختلف ڈیویژنوں میں شعور بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا
تاہم مختلف مقامات پر میونسپل کارپوریشن نظام آباد کی جانب سے صاف صفائی و سرسبز و شاداب پروگرام کیلئے ریالیوں میں فلکسیوں پر اُردو تحریر شامل نہ کئے جانے پر محمد یوسف الدین خان سینئر جرنلسٹ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کئے جانے پر مجلس اتحاد المسلمین ٹاؤن نظام آباد نے اس پوسٹ پر بروقت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر بلدیہ نظام آباد مندا مکرندا سے ان کے چیمبر میں صدر ٹاؤن مجلس نظام آباد محمد شکیل احمد فاضل، ڈپٹی مئیر ادریس خان کی قیادت میں ایک وفد نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے سوئچھ دانم۔ پچھا دانم پروگرام کے فلکس پر اُردو فلکس تحریر کرنے کیلئے موثر نمائندگی کی
۔ کمشنر بلدیہ مندا مکرندا نے مجلسی قائدین کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اس خصوص میں بہت جلد اُردو فلکس کو تیار کرتے ہوئے مختلف ڈیویژنوں میں فراہم کریں گے تاکہ عوام اس سے استفادہ حاصل کرسکے اس وفد میں ٹاؤن معتمد مجلس محمد شہباز احمد، مجلسی کارپوریٹرس اعجاز حسین، عبدالغفور مقیم، ماجد صدیقی، میر ارشاد علی سمیر، محمد نصیر احمد، عبدالعلی باغبان،محمد ریاض احمد، اعجاز حسین، محمد منور علی، محمد رفیع، انچارج کوآپشن ممبر ارشد پاشاہ، محمد خلیل احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔