ریاض کو پکڑنے کی کوشش میں زخمی بہادر نوجوان آصف کی ڈی جی پی نے عیادت کی

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ نظام آباد میں پولیس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے ملزم ریاض کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران شدید زخمی ہونے والے نوجوان سید آصف کی عیادت کے لیے آج ریاستی پولیس
سربراہ ڈی جی پی بی شیوادھر ریڈی، ایڈیشنل ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر ایم مہیش بھگوت اور کمشنر پولیس وی سی سجنار حیدرآباد کے عابڈس علاقے میں واقع ایک خانگی اسپتال پہنچے۔ڈی جی پی نے آصف کی خیریت دریافت کرتے
ہوئے بتایا کہ نوجوان کی صحت اب مستحکم ہے اور فی الحال تشویش کی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آصف کا علاج حکومت کے خرچ پر جاری ہے اور تمام تر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈی جی پی نے سید آصف کی جرات و بہادری کو
سراہتے ہوئے کہا”ملزم کے ہاتھ میں خنجر ہونے کے باوجود آصف نے بے مثال دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں لے لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف کو مکمل صحتیابی کے بعد محکمہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے
گا۔ طبی ماہرین کے مطابق آصف کو آئندہ دو سے تین دنوں میں اسپتال سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے تاہم مکمل صحت یابی میں دو سے تین ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔پولیس عہدیداروں نے اسپتال عملے
سے بھی ملاقات کرتے ہوئے آصف کے علاج و معالجے کی تفصیلات حاصل کیں اور ان کے بہتر نگہداشت پر اطمینان کا اظہار کیا۔



