ریاض میں یوم آزادی ہند تقریب جوش و خروش کے ساتھ شاندار پیمانے پر منعقد

ریاض۔ کے این واصف
سفارت خانہ ہند ریاض میں یوم آزادی ہند تقریب کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا۔ کام کا دن ہونے اور شدید گرمی کے باوجود مرد و خواتین اور بچے رنگ بہ رنگ کے ملبوسات میں بڑی تعداد میں ایمبیسی احاطہ میں جمع تھے۔
سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں نے صبح 30-7 بجے قومی پرچم لہرا کر تقریب کا آغاز کیا۔ جس کے بعد انھوں نے صدر جمہوریہ کا پیام پڑھ کر سنایا۔
صدر کے پیام کے بعد حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے سفیر کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران سعودی عرب میں ہندوستانیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اب یہاں انڈینز کی موجودہ تعداد 2.6 ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہاں برسرے کار ہندوستانی باشندے ہند، سعودی کے درمیان ایک برج کی حیثیت رکھتے ہیں۔ واضع رہے کے گزشتہ برسوں میں مملکت میں ہندوستانیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہوا کرتی تھی۔ ڈاکٹر سہیل نے سارے ہندوستانیوں کو آزادی ہند کی مبارکباد پیش کی۔
انھوں نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا کہ آج کام کا دن ہونے اور موسم کے شدید ہونے کے باوجود آپ لوگ اتنی بڑی تعداد میں تشریف لاکر اس تقریب کو کامیاب بنایا۔ سفیر ہند نے انڈین کمیونٹی کے سماجی کارکنان کے مسلسل تعاون کابھی شکریہ ادا کیا۔
آخر میں کمیونٹی کے اراکین نے ایک رنگا رنگ کلچرل پروگرم کیا۔ سفارتکار رشی ترپاٹھی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ مشروبات و مٹھائیوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔