جنرل نیوز

بانی محفل خواتین مظفر النساء ناز کے سانحہ ارتحال پر محفل خواتین کا تعزیتی پیام

حیدرآباد(راست) بانیان محفل خواتین کا آخری چراغ مظفر النساء ناز 16 ا گسٹ 2024 کو بجھ گیا۔ صدر محفل خواتین اودیش رانی باوا نے محفل خواتین کی جانب سے تعزیتی بیان میں مرحومہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظفرالنساء ناز تنظیم کے تشکیل سے تادم زیست تک خازن کی ذمہ داریوں کو نہایت ایمانداری کے ساتھ نبھاتی رہیں اور اس کو معاشی طور پر مستحکم رکھا۔ ان کے انتقال کی خبر سے محفل کے تمام اراکین میں صدمہ کی لہردوڑ گئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ محفل خواتین کا ستمبر کا اجلاس مرحومہ کی یاد میں منایا جائے گا۔ جس میں ان کے فن اور شخصیت کے ذریعہ انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔نائب صدر رفیعہ نوشین نے کہا کہ میری بڑی تمنا تھی کہ ان کی زندگی میں ہی ایک شام مظفرالنساء ناز کے نام منائی جائے لیکن مرحومہ نے اس کی اجازت نہ دی۔ جس کا مجھے بہت افسوس ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ محفل خواتین کی صدر، نائب صدر، نسیمہ تراب الحسن، مشیراعلی انیس عائشہ و دیگر اراکین عاملہ ثریا جبین، شبینہ فرشوری،ڈاکٹر حمیرہ سعید، ڈاکٹر گل رعنا، ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی، ڈاکٹر نکہت آراء شاہین، صائمہ متین و دیگر اراکین نے مرحومہ کے انتقال پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور ان کے افراد خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعائیں کیں۔ اللہ ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین

متعلقہ خبریں

Back to top button