سینئر صحافی،جوائنٹ سکریٹری ٹی یو ڈبلیو جے ایف حبیب علی الجیلانی کے انتقال پر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نرمل کا اظہار تعزیت

نرمل: یہ خبر انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ حیدر آباد کے سینئر صحافی حبیب علی الجیلانی ولد حبیب محمد الجیلانی کا بعمر 61 سال چہارشنبہ 21 اگست صبح ساڑے آٹھ بجے اویسی ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک لڑکا اور دو لڑکیاں شامل ہیں۔ انہوں نے نیوز ایجنسی آئی این این میں بیورو چیف کی حیثیت سے لمبے عرصے تک خدمات انجام دیں ، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن میں جوائنٹ سکریٹری کی حیثیت سے وہ خدمات انجام دے رہے تھے۔
حبیب احمد الجیلانی کے انتقال سے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے اپنا ایک ذمہ دار ، حرکیاتی و مخلص قائد کھودیا۔ یہ فیڈریشن کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن ضلع نرمل کے ذمہ داران ایم۔اے۔وسیم صدر، اعجاز احمد خان ریاستی نائب صدر، افتخار احمد، سید محمد پاشاہ، شفیع اللہ خان بابا، ضلعی نائب صدور، محمد اکبر خان جنرل سیکریٹری، محمد مقیم الدین خازن، ایم۔اے۔رشید، حافظ شیخ قیصر، محمد قیصر، محی الدین، شیخ پرویز، ایم اے ساجد، زاہد ہاشمی، تجمل احمد، محمد عبدالخالق، سید سرفراز، الیاس بیگ، قاضی وسیم، عارف خان، اظہر احمد خان، محمد مجیب الدین، محی الدین وغیرہ نے اپنے ایک بیان میں جناب حبیب علی الجیلانی کے انتقال پر اپنے شدید دکھ و افسوس، رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے غمزدہ اہل خانہ، پسماندگان، ارکان خاندان اور فیڈریشن کی ریاستی کمیٹی کے صدر جناب ایم۔اے۔ماجد صاحب، جنرل سیکریٹری جناب غوث محی الدین صاحب اور تمام ذمہ داران سے تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ سبحانہ و تعالٰی سے دعاء کی کہ اللہ پاک مرحوم کی بے لوث و مخلصانہ صحافتی، سماجی و ملی خدمات کو قبول فرمائے، آخرت کی تمام منزلیں آسان فرمائے۔
ان کی بال بال مغفرت فرمائے، درجات کو بلند فرمائے اور ان کے غمزدہ پسماندگان، ارکان خاندان، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی ریاستی یونٹ اور تمام ضلعی یونٹوں کے ذمہ داروں اور جمیع اردو صحافیوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کو ان کا نعم البدل عطاء فرمائے۔ آمین