بارہ بنکی:اودھ کا تاریخی دیویٰ میلہ 18 اکتوبر سے

باره بنکی (ابوشحمہ انصاری) مسلسل 10 دن تک چلنے والا اودھ کا تاریخی میلہ اسی برس 18 اکتوبر سے شروع ہو کر 27 اکتوبر تک چلے گا۔ یہ فیصلہ آج شام کلکٹریٹ میں واقع میٹنگ ہال میں میلے کا انتظام و اہتمام کرنے والی دیوی ٰ میلہ اور نمائش ایسوسی ایشن کے صدر ضلع مجسٹریٹ محترم ستیندر کمار صاحب کی صدارت میں ہونے والے جلسہ میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس میلہ کا آغاز صوفی بزرگ حضرت حاجی وارث علی شاہ نے اپنے والد ماجد حضرت سید قربان علی شاہ المعروف دادا میاں کے عرس کے طور پر کیا تھا۔ ضلع مجسٹریٹ نے ہدایت دی کہ اس میلے میں منعقد ہونے والے ثقافتی پروگراموں میں مقامی فنکاروں کو ترجیح دی جائے ۔ انھوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ میلہ حدود میں صاف صفائی ،بجلی، پانی کے انتظامات وقت مقررہ سے قبل مکمل کر لیے جائیں تا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے زائرین کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہو۔ جلسہ میں سکریٹری میلہ اے ڈی ایم ارون کمار سنگھ، ایس ڈی ایم انوراگ سنگھ، اقبال مبشر قدوائی، چودھری طالب نجیب کو کب،
فواد قدوائی، سندیپ سنہا، ڈاکٹر فرخ حسین قدوائی، چودھری عشر الدین اشرف، سپر وائز را قتدار احمد اور شمیم احمد وارثی بھی موجود رہے۔