مدھوملنچہ گورنمنٹ ہائی اسکول شکر نگر بودھن میں مسلم طلباء و طالبات کے ساتھ جانبدارانہ رویہ رکھنے کے خلاف جمعیۃ علماء ضلع نظام آبادکی ضلع کلکٹر سے ملاقات و نمائندگی

نظام آباد:(پریس نوٹ) آج جمعیۃ علماء ہند ضلع نظام آباد کے وفد نے حضرت مولانا سید سمیع اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد کی سرپرستی میں ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ نظام آباد سے ملاقات کرتے ہوئے مدھوملنچہ گورنمنٹ ہائی اسکول شکر نگر بودھن میں پہلی زبان اُردو کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے داخلے شروع کرنے اور موجودہ مسلم طلبہ کے لئے اُردو ٹیچر کے تقررکرنے سے متعلق تفصیلی یادداشت پیش کی۔ ضلع کلکٹر بڑی توجہ سے اس وفد سے ملاقات کی بلکہ متعلقہ عہدیدار(ضلع مہتمم تعلیماتDEO) سے فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ مذکورہ اسکول میں اردو پہلی زبان تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے داخلوں میں ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے سہولیات بہم پہنچانے کی ہدایت د ی اس کے علاوہ ہائی اسکول میں فوری اردو ٹیچر کی فراہمی سے متعلق بھی دریافت کیا۔ مدھوملنچہ گورنمنٹ ہائی اسکول شکر نگر بودھن کے ہیڈ ماسٹر کے مخالف اردو رویہ کے نتیجہ میں تعلیمی سال کے شروع میں نہ صرف اردو بحیثیت فرسٹ لینگویج پڑھنے سے محروم کردیاگیا بلکہ متعلقہ اردو ٹیچر کابھی دوسری جگہ تبادلہ کردیاگیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جانہ ہوکہ مذکورہ علاقہ میں تعلیم حاصل کرنے والے 95%طلباء ایسے ہیں جو اردو کو بذریعہ فرسٹ لینگویج پڑھنا چاہتے ہیں۔ لیکن ہیڈماسٹر کے جانبدارانہ رویہ سے طلباء و طالبات کو شدید نقصانات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔لہٰذا جمعیۃ علماء ہند ضلع نظام آباد کے عہدیداران کو جب اس سلسلہ میں معاملہ کی اطلاع ہوئی تو وہ فوری اس جانب توجہ دیتے ہوئے متعلقہ عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے معاملہ یکسوئی سے متعلق یادداشت پیش کی۔ اس ضمن میں محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند تلنگانہ سے رہنمائی حاصل کی گئی اور انہی کے مشورہ سے متعلقہ عہدیداران تک رسائی حاصل ہوئی۔ بعدازاں مولاناسید سمیع اللہ قاسمی نے جناب طاہر بن حمدان صدر اردو اکیڈیمی تلنگانہ سے فون پررابطہ کرتے ہوئے انہیں اردو ٹیچر کی بحالی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرنے پر انہوں نے اردو ٹیچر کے فوری تقرر اور ازخود متعلقہ اسکول کا دورہ ومعائنہ کرنے کی حامی بھری۔ مولانا نے بتایاکہ متعلقہ مسئلہ یکسوئی کے سلسلہ میں جمعیۃ کا ایک وفد عنقریب جناب محمدعلی شبیر صاحب مشیر حکومت تلنگانہ سے ملاقات کرے گا۔ اس موقع پر وفد میں حافظ محمدافسر مظہری بودھن، حافظ محمدعقیل الدین انجینئربودھن، جناب سید معراج شکرنگر، حافظ عبدالولی مظہری، حافظ محمدابراہیم اشاعتی ودیگر موجود تھے۔