جماعت اسلامی ہند: مجرم کا کوئی مذہب نہیں، انصاف کے حامی ہیں – امیر حلقہ تلنگانہ خالد مبشر الظفر

جماعت اسلامی ہند: مجرم کا کوئی مذہب نہیں، انصاف کے حامی ہیں – امیر حلقہ تلنگانہ خالد مبشر الظفر
کریم نگر: 8/ ستمبر ۔۔جماعت اسلامی ہند مسلم مجرمین کی حمایت نہیں کرتی بلکہ ان کے خلاف انصاف کے اصولوں پر عمل کرنے پر یقین رکھتی ہے کیونکہ مجرم کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ یہ بات امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ، جناب خالد مبشر الظفر نے کریم نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے آصف آباد کے جینور منڈل میں حالیہ واقعے کی سخت مذمت کی اور ریاست بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا۔
جناب خالد مبشر الظفر نے کہا کہ جینور میں مسلمانوں کی املاک پر ہونے والے منصوبہ بند حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور اس کی غیر جانبدارانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے خاطیوں کو سخت ترین سزا دینے پر بھی زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے کھمم کے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
امیر حلقہ نے ریاستی حکومت سے اردو اساتذہ اور اردو لیکچررز کی تقرریوں میں ایس سی، ایس ٹی جائیدادوں کی ڈی ریزرویشن کے ذریعے اردو جائیدادوں کو عام زمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی اس سلسلے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے اردو میڈیم کے طلبہ کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نمائندگی کرے گی۔
مزید برآں، انہوں نے وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف جماعت کا سخت موقف ظاہر کیا اور اس بل کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل وقف کی خود مختاری کو نقصان پہنچانے والا ہے۔ اس پریس کانفرنس میں ریاستی سیکرٹری جماعت اسلامی نعیم الدین احمد۔۔۔ علیم الدین ارشد۔۔۔ عبدالرقیب حامد لطیفی, کے علاوہ ناظم جماعت اسلامی ضلع کریم نگر محمد صہیب احمد خان, اور محمد خیر الدین کے علاوہ دیگر موجود تھے۔