مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کے خانقاہ عارفیہ نوریہ بنڈلہ گوڑہ میں اجلاس سے کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند کا خطاب

امن و بھائی چارگی کے لئے حیدرآباد کی ملک بھر میں مثال
مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کے خانقاہ عارفیہ نوریہ بنڈلہ گوڑہ میں اجلاس سے کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند کا خطاب، ڈی سی پی ساؤتھ زون، ساؤتھ ایسٹ زون اعلی عہدیدار، مذہبی تنظیموں کے ذمہ داران شریک
حیدرآباد 13 ستمبر (پریس نوٹ) کمشنر پولیس حیدراباد سی وی انند نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے مسلمانوں نے ایک اور مرتبہ امن اور بھائی چارگی کو فروغ دینے کے لیے قربانی دیتے ہوئے ملک بھر کے لیے مثال قائم کی ہے۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد نے گنیش جلوس کے پیش نظر دوسری مرتبہ تاریخ کو اگے بڑھاتے ہوئے ملک بھر کو ایک پیام دیا ہے۔ حیدراباد جو گنگا جمنی تہذیب کا مرکز ہے، اس شہر نے آپسی بھائی چارگی کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔ کمشنر پولیس حیدراباد نے آج خانقاہ عارفیہ نوریہ بنڈلا گوڑہ میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے زیر اہتمام تقریب ضیافت میلاد سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انسانیت کا آپس میں مل جل کا رہنا ہی میلاد النبی ﷺ کا بہترین پیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں عید و تہوار خوشی اور مسرت کے ساتھ منائیں گے اور شہر کی آن بان اور شان کو برقرار رکھیں گے انہوں نے محکمہ پولیس اور دیگر سرکاری محکمہ جات کی جانب سے میلاد جلوس کے کامیاب انعقاد میں اپنے تعاون کا تیقن دیا۔ کمشنر پولیس نے عید میلاد النبی ﷺ کی مسلمانوں کو پیشگی مبارکباد پیش کی۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون سنیہا میرا آئی پی ایس نے کہا کہ سبھی خوشی اور مسرت کے ساتھ عید میلاد منائیں گے۔ انہوں نے عید میلاد کے موقع پر ضرورت مندوں کی مدد کرنے اخلاق اور مہمان نوازی کی تعلیمات کو اپنانے کا مشورہ دیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ ایسٹ زون کانتی لال آئی پی ایس نے میلاد جلوس کی تاریخ کو اگے بڑھانے پر مرکزی میلاد جوس کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ صدر کمیٹی مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ نے سال تمام 1500 میں جشن میلاد کی تفصیلات پیش کیں۔ مولانا حافظ مظفر حسین خان بندہ نوازی کنوینر جلوس، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری نے بھی خطاب کیا۔ مولانا سید احمد محی الدین جیلانی نوری پاشاہ داعی اجلاس نے کمشنر پولیس حیدرآباد اور دیگر آئی پی ایس عہدیداروں کے علاوہ مذہبی تنظیموں کے ذمہ داروں کا خیر مقدم کیا۔ مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ معتمد کمیٹی نے کاروائی چلائی۔ مولانا سید سیف اللہ حسینی الباقری نے خیر مقدم کیا۔ شہ نشین پر مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، مولانا سید غلام صمدانی علی قادری، مولانا سید ابو تراب قادری قدیری، مولانا سید اسلم حسین حافظی، مولانا سید ندیم اللہ حسینی، مولانا سید لیاقت حسین رضوی، مولانا صوفی سیف احمد یافعی، مولانا عبدالرحیم شکیل سہروردی، مولانا نظام الدین ہارونی، مولانا ذاکر علی دانش ایڈوکیٹ، مولانا ارشد صوفی ابوالعلائی، مولانا سید حسینی صابری کے علاوہ مختلف مذہبی تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے۔