میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ڈی جے اور موسیقی والی نعتیں نہ بجائیں: ایڈوکیٹ فیض احمد چاند

نارائن پیٹ کےنوجوان ایڈوکیٹ فیض احمدچاند نے کہاہےکہ، 19 ستمبر، بروز جمعرات، میلاد النبی ﷺ کا جلوس ، مرکزی میلاد کمیٹی نارائن پیٹ کے زیر نگرانی لعل مسجد نارائن پیٹ سے شروع ہوگا۔ انھوں نے نوجوانوں سے درخواست کی کہ جلوس کے دوران ڈی جے اور موسیقی والی نعتیں بالکل نہ بجائیں۔ مزید برآں، فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر فلسطینی پرچم یا کوئی بھی ملکی یا غیر ملکی پرچم لہرانے سے گریز کریں۔
ملک اور شہر نارائن پیٹ کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر کچھ شر پسند عناصر کسی بھی غلطی یا خلاف ورزی کا انتظارکر رہے ہیں تاکہ مسلم کمیونٹی، خاص طور پر نوجوانوں، کو فوجداری مقدمات میں ملوث کیا جا سکے۔ یہاں تک کہ معمولی حرکتیں بھی غلط طور پر پیش کی جا سکتی ہیں اور ہمارے خلاف مقدمات میں ماخوذ کر نے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔
میں آپ تمام سے اپیل کرتا ہوں کہ نظم و ضبط کو برقرار رکھیں اور کسی بھی ایسی صورتحال سے بچیں جس سے ہمارے نوجوانوں کے خلاف قانونی کارروائی کا موقع ملے۔میلاد النبی ﷺ کا جلوس نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کی عکاسی اور امن و اتحاد کا پیغام ہونا چاہئے۔