جنرل نیوز

ورلڈ قرآن مشن کی ۱۶ ویں عظیم الشان کل ہند محفل نعت و مدحت ِ مصطفیٰ ؐ کانفرنس سے مہمان مقرر نبیرۂ اعلیٰ حضرت علامہ توصیف رضا خان صاحب و علامہ احمد رضا منظری (اتر پردیش) کے خطابات

مدحت ِ مصطفیٰ ؐ رب ذوالجلال کی سنتـ ٗ ناموس رسالتؐ کا تحفظ ہمارا اولین فرض

مدحت ِ مصطفیٰ ؐ رب ذوالجلال کی سنتـ ٗ ناموس رسالتؐ کا تحفظ ہمارا اولین فرض

ورلڈ قرآن مشن کی ۱۶ ویں عظیم الشان کل ہند محفل نعت و مدحت ِ مصطفیٰ ؐ کانفرنس سے مہمان مقرر نبیرۂ اعلیٰ حضرت علامہ توصیف رضا خان صاحب و علامہ احمد رضا منظری (اتر پردیش) کے خطابات

حیدرآباد۔7/اکٹوبر 2024ء ( راست ) روزِ ازل سے جس ذات ِ گرامی کی شان اقدس روشن و عیاں ہے وہ ہمارے پیارے آقا و مولا محمد عربی ﷺ کی ذات گرامی ہے یقینا ً جہاں مدحت ِ مصطفیٰ ؐ کرنا سنت الہٰیہ ہے وہیں مدحت ِ مصطفیٰ سننا سنت ِ انبیاء ہے ۔ رب تعالیٰ نے قرآن پاک میںکئی مقامات پر ہمارے آقا نبی مکرمﷺ کی ذات اقدسہ کو جس شان سے مخاطب فرمایا اس طرح کسی نبی و پیغمبر کو مخاطب نہیں فرمایا ۔ حضرت آدم علیہ السلام سے لیکر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک کسی کو یہ اعزازات و انعامات و اکرامات و القابات حاصل نہیں ہوئے ، کہیں پر طٰہٰ کہیں پر یٰسین کہیں پر مزمل ، کہیں پر مدثر یقینا یہ سب کچھ اسی محبوب کیلئے ہے جس کی محبت میں اس کائنات کو رب تعالیٰ نے تخلیق فرمایا ۔ نیز اپنے محبوب ﷺ کو جس رب نے نور سے مخاطب فرمایا پھر اس نور و عظمت والی ذات کی بلندی کو ’’ ورفعنا لک ذکرک ٗ ٗ کی شان سے مزین فرمایا پھررحمۃ اللعالمین کہہ کر مخاطب فرمایا وہ ذات ِ مقدسہ کی عظمت کا کیا عالم ہوگا ۔یہ ہمارے لئے اعزاز ہے کہ ہم کو رب تعالیٰ نے اُمت محمدیہ میں پیدا فرمایا اور نبی پاک ﷺ سے محبت کرنے والا بنایا ہمارا جزِ ایمان ہی حضور پاک ﷺ سے محبت ہے ہماری بخشش کا سامان ، ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی عشق رسولﷺ میں ہی مضمر ہے ۔ آج اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ ہم کس حد تک نبی پاک ﷺ کے عاشق و غلام کہلانے کے لائق ہیں کیا ہم شریعت مصطفیٰ ؐ پر عمل پیرا ہیں ، کیا ہم سنتوں پر سختی سے کاربند ہیں ، کیا ہم تمام فرائض ، سنن واجبات و نوافل کی پابندی کرتے ہیں ۔ یقینا ہمیں اپنے آپ کو سنت رسولﷺ میں اس قدر ڈھالنے کی ضرورت ہے کہ کوئی غیر بھی دیکھے تو ہمیں دیکھ کر کہے کہ یہ نبی پاک ﷺ کا غلام جارہا ہے ، یہ سچا عاشق رسولؐ جارہا ہے اے نوجوانوں اپنے آپ کو اپنی نسلوں کو دین اسلام سے اس قدر جوڑلو کہ کوئی بھی تمہیں اپنے دین سے دور کرنے کی ناپاک و مذموم کوشش نہ کرسکے ۔ ان خیالات کا اظہار ورلڈ قرآنک مشن کے زیر اہتمام عظیم الشان ۱۶ ویں سالانہ کل ہند محفل نعت و مدحت ِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس منعقدہ 6/ اکٹوبر2024ء اتوار ، بعد عشاء بمقام : خلوت گراؤنڈ،چارمینار ، حیدرآباد سے پہلے مہمان مقرر نبیرۂ اعلیٰ حضرت ، مفکر اسلام ، پیر طریقت حضرت علامہ توصیف رضا خان صاحب قبلہ (اتر پردیش) نے کیا ۔ کانفرنس کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ بارگاہِ رسالمتآب میں مہمان ثناء خوانِ رسول ؐشاعر اسلام مولانا سید فاضل اشرفی (میسور)، بلبل باغ مدینہ جناب محمد انور رضا ( ممبئی) نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ نگرانِ کانفرنس مولانا ڈاکٹر شاہ محمد اخلاق شرفی القادری ( خلیفہ حضرت تاج الصالحین ؒو حضرت تاج السنہ و صدر نشین ورلڈ قرآنک مشن )نے مہمان علماء کرام ، مشائخین عظام اور مہمان ثناء خوان کا پر جوش استقبال کیا ۔ کانفرنس کی صدارت علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی ( سجادہ نشین مدنی صاحب ؒ ، شرفی چمن ) ، قیادت مولانا سید شاہ احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ (سابق ایم ایل اے و معتمد عمومی کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ) نے کی ۔ دوسرے مہمانِ مقرر عالمی شہرت یافتہ عالم دین ،خطیب الہند علامہ مفتی محمد احمد رضا منظری (بریلی شریف )نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی پاک ﷺ سے محبت مومن کی شان ہے ، یہی شان مومن کو زندہ رکھتی ہے یقینا عاشق رسولﷺ ہر شئے کو برداشت کرسکتا ہے لیکن نبی ﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا ۔آج کے کم ظرف ، جاہل ، دشمن اسلام یہ سمجھتے ہیں کہ معاذ اللہ ہم نبی پاکﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخی کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کرلینگے اور انہیں تکلیف پہونچائیں اور اپنے فرعون نما آقاؤں کو خوش کرلینگے لیکن یاد رکھو جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اذیت دینے والے نمرود کو رب تعالیٰ نے صرف ایک مچھر کے ذریعہ موت کی آغوش میں بھیج دیا ۔ یقینا وہ رب اپنے حبیب ﷺ کے دشمن اور گستاخ کو کس طرح معاف کرسکتا ہے یقینا انکی موت بد سے بد تر اور عبرتناک ہوگی ۔ اے ایمان والو ! اپنے آپ کو اس قدر عشق مصطفیٰ و سنت مصطفیٰ ﷺمیں ڈھال لو کہ کسی کی مجال نہ ہو کہ وہ تم کو چھیڑے ،جب تم نور ِ ایمان اور عشق رسول ﷺ سے اپنے قلوب کو کو مزین کرلوگے تو یقین جانو دنیا کی کوئی بھی سوپر پاؤر تمہیں نقصان پہنچا نہیں سکتی ۔ آج وقت ہے کہ ہمیں اپنے آپ کو صرف زبانی عاشق نہ بنائیں بلکہ عملی طور پر ایسے عاشق رسول بن جائیں کہ دشمنانِ اسلام ہمیں دیکھ کر دین اسلام میں داخل ہوجائیں اور جس طرح آج مسلمانو ں کی دل آزاری کیلئے حضور اقدس ﷺ کی شان میں گستاخیاں کی جارہی ہیں یہ مسلمانان ہند کیلئے ناقابل قبول ہے ۔ یقینا یہ ہمارے ملک کے امن و امان کو نقصان پہونچانے والا عمل ہے اگر مرکزی حکومت اور ریاستیں حکومتوں کی جانب سے سخت فیصلے اور ایکشن نہ لئے جائیں اور مذہب اور مذہبی شخصیات کے خلاف منہ کھولنے والے افراد کو سخت سزا کا اعلان نہ کیا جائے تو یہ ملک میں انتشار و تشدد کا سبب ہوگا ۔ لہذا مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسا قانون نافذ کرے کہ کسی بھی مذہب اور مذہب کی عظیم شخصیات کے خلاف گستاخی کرنے پر صرف اور صرف موت کی سزا مقرر کی جائے۔ مہمانانِ کی حیثیت سے حضرت مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی (سجادہ نشین بارگاہ مؤسیٰ قادری ؒ) ، حضرت مولانا سید شاہ کاظم محی الدین قادری شرفی ( سجادہ نشین روضہ خرد شرفی چمن ) ، حضرت مولانا سید شاہ نور الاصفیاء صوفی ( متولی خانقاہ روضۃ الاصفیاء شاہ ولی اللّٰہی سکندرآباد ) ، حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر سید انور حسینی قادری ( سجادہ نشین بارگاہ حضرت رکن الدین ؒتولہ گلبرگہ )، حضرت مولانا سید خلیل علی شاہ بابا قادری محبوبی فیضی قدرتی ، حضرت مولانا سید شاہ محمد رحیم الدین شکیل سہروردی قادری ( سجادہ نشین حضرت بابا فخر الدین سہروردی ؒ، جل پلی ) ، حضرت شاہ زین الدین کنج نشین ثانی جنیدی قادری ( سجادہ نشین بیدر) ، حضرت مولانا سید شاہ اشرف رضا حسینی اشرفی ( سجادہ نشین بارگاہ قطب رائچور)،مولانا خواجـہ شجاع الدین افتخاری (سجادہ نشین حضرت گنج انوار)، جناب محمد غوث ( سابق کارپوریٹرAIMIM) ، محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی) ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم نظامی بندہ نوازی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی) ، سید اعزاز محمد قادری ( اعجاز پریس) نے شرکت کی ۔ نعتیہ شاعری کی خدمات پر محترم صوفی سلطان ؔ شطاری صاحب اور نعت خوانی کی خدمات پر قاری محمد توفیق الدین ابوالعلائی صاحب کو مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں ’’ حضرت زیرک شرفی ایوارڈ 2024 ٗ ٗ سے نوازا گیا ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور رقت انگیز دعا ء پر محفل و کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button