عرس حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ نارائن پیٹ میں سالانہ عرس شریف کا 13 اکتوبر بروز اتوار سے جلوس پرچمِ قادریہ سے آغاز

نارائن پیٹ: 10 اکتوبر (اردو لیکس) ریاست تلنگانہ کے سرحدی علاقہ نارائن پیٹ ضلع مستقر کے درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ کے 4 روزہ سالانہ عرس تقاریب کا 13 اکٹوبر کو جلوس پرچم قادریہ سے آغاز ہوگا۔ ان تقاریب میں ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات کے علاوہ پڑوسی ریاست کرناٹک’ آندھراپردیش’ مہاراشٹر اور گجرات’ ممبئی’ احمد آباد سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد بلالحاظ مذہب و ملت شرکت کرتے ہیں جنھیں تمام تر بنیادی سہولیات پہنچانے کیلئے سجادہ نشین و معتمدین درگاہ کی زیر نگرانی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ پروگرام کے مطابق 13 اکٹوبر بروز اتوار کو بعد نماز عصر پٹیل ہاؤس روبرو جامع مسجد نارائن پیٹ سے جلوس پرچم قادریہ کا آغاز ہوگا جو قبل ازمغرب درگاہ شریف پوہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ 14 اکٹوبر بروز پیر کو بعد نماز عشاء صندل کٹہ سے جلوس صندل برآمد ہوگا۔ جسمیں ہزاروں کی تعداد میں مریدین و معتقدین شرکت کریں گے۔ قبل از نمازِ فجر رسم صندل مالی سجادہ نشین درگاہ تقی باباؒ سید شاہ غیاث الدین قادری اور جانشین سجادہ حافظ سید محمد تقی رابع عرف مصطفی قادری انجام دیں گے۔ 15 اکٹوبر بروز منگل کو گیارہویں شریف ہو گی۔ اور بعد نماز عشاء احاطہ درگاہ شریف میں محفل نعت منعقد ہوگی۔ 16 اکٹوبر بروز چہار شنبہ کو بعد نماز فجر محفل زیارت منعقد ہوگی۔ اس موقع پر عظیم الشان جلسہ عظمت اولیاء منعقد ہوگا جس کو مہمان خصوصی مولانا سید شاہ کلیم اللّٰہ محمد محمد الحسینی المعروف کاشف پاشاہ بندہ نوازی ( سجادہ نشین بارگاہ عالیہ ویچرانی شریف ) کے علاوہ مقامی علماء مخاطب فرمائیں گے۔ اور اسی روز بعد نماز عشاء احاطہ درگاہ شریف میں محفل سماع منعقد ہوگی۔ جس میں محمد کریم قادری قوال اینڈ پارٹی حیدر آباد’ سید ذاکر حسین تاج قوال اینڈ پارٹی حیدرآباد ساز پر نعتیہ ومنقبتی کلام سنائیں گے۔ عرس شریف کے موقع پر تمام اجلاسوں کی نظامت حافظ چاند پاشاہ لیکچرر انجام دیں گے۔ معتمدین درگاہ الحاج محمد نواز موسی’ الحاج محمد رفیق چاند نے عوام الناس بالخصوص معتقدین سے عرس تقاریب میں شرکت کی خواہش کی ہے۔