تلنگانہ

ملعون نرسنگھا نند کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ، کھمم کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس کو یادداشت پیش

مسجد صدیقیہ پرکاش نگر کھمم کی کمیٹی کے ذمے داران نے حافظ محمد جواد احمد (امام و خطیب مسجد زین العابدین مرکز کھمم) کی قیادت میں بعد نماز جمعہ کھمم پولیس کمشنریٹ آفس پہنچ کر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس، جی پرساد راؤ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں گستاخ رسول ملعون نرسنگھا نند کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی گئی۔ یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ ملعون نرسنگھا نند کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور فوری کارروائی کی جائے۔ مسلمان ہر چیز کو برداشت کر سکتا ہے لیکن رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی قطعی برداشت نہیں کر سکتا۔ یادداشت میں مزید کہا گیا کہ نرسنگھا نند ماضی میں بھی گستاخانہ اور اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے بدنام زمانہ ملعون ثابت ہو چکا ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ نرسنگھا نند کے خلاف بلا تاخیر سخت ترین کارروائی کی جائے۔ حافظ محمد جواد احمد نے اس موقع پر کہا کہ اسلام امن و شانتی کا مذہب ہے اور کسی بھی مذہب یا مذہبی شخصیات کے خلاف گستاخی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگھا نند کے اشتعال انگیز بیانات سے ملک کی پرامن فضا متاثر ہو رہی ہے اور ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔حافظ محمد جواد احمد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سے مطالبہ کیا کہ کھمم شہر میں فوری طور پر سخت دفعات کے تحت نرسنگھا نند کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، جس پر جی پرساد راؤ نے قانونی رائے حاصل کر کے مقدمہ درج کرنے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مسجد صدیقیہ پرکاش نگر کھمم کمیٹی کے ذمے داران، سید شبیر صاحب (ریٹائرڈ سب انسپکٹر پولیس)، افسر صدر مسجد صدیقیہ عبد القدیر، عرفان عقیل، شبر فیروز اور محبوب بھی موجود تھے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button