جنرل نیوز

کھمم میں مساجد کے مرمتی کاموں کے لیے منظور شدہ چیکس کی تقسیم

کھمم میں مساجد کے مرمتی کاموں کے لیے منظور شدہ چیکس کی تقسیم کی تقریب 15 اکتوبر بروز منگل منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کھمم شہر کی 63 مساجد کے مرمتی کاموں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی تھی، جس کے تحت مجموعی طور پر 63 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔ ان میں سے 8 مساجد کے ذمہ داران غیر حاضر تھے، جنہیں آج کھمم کے اردو گھر شادی خانہ میں چیکس دیے گئے۔ چیکس کی تقسیم کھمم کے سینئر کانگریس پارٹی قائد چھوٹے بابا، اردو گھر شادی خانہ کے ڈائریکٹر محمد سلیم، اور امام و خطیب مسجد زین العابدین مرکز کھمم حافظ محمد جواد احمد کے ہاتھوں عمل میں آئی۔اس موقع پر، چھوٹے بابا نے اردو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزید 8 مساجد کے لیے بھی فی مسجد ایک لاکھ روپے کی منظوری کے لیے کھمم کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ سے درخواست کی گئی تھی، جس پر انہوں نے منظوری دی۔ اس طرح، کل 71 مساجد کے لیے 71 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ چھوٹے بابا نے مزید کہا کہ 8 مساجد کے منظور شدہ چیکس چار سے پانچ دنوں کے اندر تقسیم کر دیے جائیں گے۔کھمم کے سینئر کانگریس پارٹی قائد چھوٹے بابا نے کھمم کی قدیم عیدگاہ اور ضلع کھمم کے رگھوناتھ پالم منڈل کے برگم پاڑ گاؤں کے قبرستان کے لیے بھی فنڈز کی منظوری کے لیے ٹی ناگیشور راؤ کو درخواست دی۔ اس درخواست پر، وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے فوری طور پر کھمم کی قدیم عیدگاہ کے لیے 15 لاکھ روپے اور برگم پاڑ گاؤں کے قبرستان کے لیے 25 لاکھ روپے کی منظوری دی۔ اس پر چھوٹے بابا اور اردو گھر شادی خانہ کے ڈائریکٹر محمد سلیم نے کھمم کے رکن اسمبلی و ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران، کھمم شہر کی مساجد کے ذمہ داران نے چھوٹے بابا اور محمد سلیم کی شال پوشی اور گل پوشی کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button