تلنگانہ
دائرہ میر مومن میں کالے جادو کا سامان برآمد۔ مقامی افراد میں خوف۔ مجلسی رکن اسمبلی میر ذولفقار علی کا دورہ

حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقے سلطان شاہی میں دائرہ میر مومن میں کالے جادو کی اطلاع سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ قبر کے پاس شیشے میں بندھی ہوئی خواتین کی تصویریں اور مختلف اشیاء ملیں، جس سے کالے جادو کے شبہ کو تقویت ملی۔
جیسے ہی یہ واقعہ سامنے آیا، مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے چارمینار حلقہ اسمبلی کے ایم ایل اے میر ذوالفقار علی نے فوری طور پر قبرستان کا دورہ کیا اور پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
ایم ایل اے میر ذوالفقار علی نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کریں تاکہ لوگوں میں پھیلے خوف کو ختم کیا جا سکے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے، جبکہ اس واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اس کی اصل حقیقت سامنے آسکے۔