تلنگانہ

باغبان برادری کو پیشہ کی بنیاد پر تحفظات فراہم کئے جائیں۔ حکومتی مشیر محمد علی شبیر سے باغبان برادری کی نمائندگی۔

نظام آباد: 11/نومبر(اردو لیکس )جناب محمد علی شبیر حکومتی مشیر برائے ایس سی، ایس ٹی، بی سی و اقلیتی طبقات کے دورہ نظام آباد کے موقع پر باغبان برادری پنچ کمیٹی و ویلفیئر سوسائٹی نظام آباد نے ڈیری فارم پر صدر باغبان برادری پنچ کمیٹی الحاج محمد اعظم، نائب صدر الحاج عبدالروف، سکریٹری محمد نعیم، جوائنٹ سیکرٹری حاجی عبدالکریم، خازن سید فاروق، نائب خازن محمد اسد، رکن الحاج محمد ایوب نے چار فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی میں نمایاں رول ادا کرنے پر شالپوشی، گلپوشی کے ذریعے تہنیت پیش کی

 

۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے کہا کہ باغبان برادری کو بی سی ای زمرہ کے تحت تحفظات فراہم ہیں اور موجودہ گھر گھر سروے میں صفحہ 2 پر سوال نمبر 5 سے 8 تک کی خانہ پری میں رہنمائی کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوال 5 میں اسلام، 6 میں بی سی-03، 7 میں شیخ اور 8 میں باغبان اندراج کریں۔ انہوں نے مسلم تحفظات کی فراہمی سے مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں ہونے والے فائدے سے واقف کروایا اور کہا کہ تعلیم ہی وہ زینہ ہے جس کے ذریعے قوم و ملت کی خدمت کی جاسکتی ہے۔

 

اس موقع پر باغبان برادری پنچ کمیٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ باغبان برادری معاشی، تعلیمی، سیاسی سماجی طور پر پسماندگی کا شکار ہے۔ ٹھیلہ بنڈیوں پر پھلوں، سبزیوں کو فروخت کرتے ہوئے زندگی گزار رہے ہیں انہوں نے کہا پسماندگی کا شکار اس پیشہ کو تحفظات کے خصوصی مراعات نہیں مل رہے ہیں جبکہ پیشہ کی بنیاد پر باغبان برادری کو تحفظات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی ای 14 طبقات میں باغبان برادری شامل نہیں ہے۔

 

انہوں نے موجودہ سروے میں باغبان برادری کو پیشہ کی بنیاد پر تحفظات فراہم کرنے، حکومتی سطح پر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اس خصوص میں محمد علی شبیر نے باغبان برادری کو تحریری طور پر جامع رپورٹ پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر نوڈا چیئرمین کیشو وینو، سنئیر قائد کانگریس این رتناکر کے علاوہ اقلیتی قائدین بھی موجود تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button