بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض نے انتصار علوی کے خیرمقدم کا اہتمام کیا
ریاض ۔ نمائندہ اردو لیکس
بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ہندوستانی بزم اردو ریاض کا حصہ یا ذیلی تنظیم ہے۔ ہندوستانی بزم اردو ریاض کا قیام ربع صدی سے زائد عرصہ قبل عمل میں آیا تھا۔ اس بزم کے اساسی رکن انتصار علوی ان دنوں ریاض کے دورے پر ہیں۔ وہ اپنی شریک حیات کے ہمراہ سعادت عمرہ اور زیارت مدینہ منورہ کے بعد ریاض تشریف لائے ہیں۔
بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب نے اپنے ۱۸۸ ویں اجلاس میں انتصار علوی کو بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا۔ اس کے علاوہ روبی ٹی وی کے نیوز ہیڈ ڈاکٹر آصف اور معروف صحافی نعیم غوری جو ان دنون ریاض میں موجود ہیں بھی اجلاس کی زینت رہے۔ ٹوسٹ ماسٹرز کی رویت کے مطابق بزم کے اجلاس کی ابتداء سارجنٹ @ آرمس سید عبدالحامد کے ابتدائی کلمات سے ہوئی۔ صدر اجلاس محمد سیف الدین نے مہمانان و شرکائے اجلاس کا خیرمقدم کیا۔ سیف نے اپنے خطاب میں کلب کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے
کہا کہ کلب اردو کی ترقی و ترویج میں عمل پیرا ہے۔ یہاں اراکین شخصیت سازی اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔ اراکین میں مختلف ادوار میں خود اعتمادی اور تقریری صلاحیتیں پیدا کرائی جاتی ہیں۔ سیف نے حاضرین سے ٹوسٹ ماسٹرز کلب کی رکنیت حاصل کرنے کی بھی گزارش کی۔ ٹوسٹ ماسٹرز کلب کا اجلاس تین حصون پر مشتمل ہوتا ہے۔ تیار شدہ تقاریر، برجستہ موضوعات اور تجزیہ کاری۔ ۱۸۸ ویں اجلاس میں عبدالغفار نے اپنی تیار شدہ تقریر پیش کی جبکہ کے این واصف نے مہمان خصوصی انتصار علوی پر مزاحیہ خاکہ پیش کیا۔ برجستہ موضوعات کی نظامت عبدالقدوس جاوید نے کی۔ اس اجلاس کے مقررین میں محمد فاروق الدین، ڈاکٹر آصف علی، محمد مبین، فاروق، ضیاالحق اور نعیم غوری شامل تھے۔ اجلاس کے ذیلی حصے “آگہی” اور “زاد راہ” الترتیب کے این واصف اور عبدالقدوس جاوید نے پیش کئے۔
محمد مبین نے تیار شدہ تقریر کی تجزیہ کاری کی اور محمد سیف الدین نے برجستہ موضوعات کی تجزیہ کاری کی۔ ناظم اجلاس کے فرائض کے این واصف نے انجام دئیے۔ آخر میں معروف شاعر افتخار راغب نے اپنے کلام سے نوازہ۔ صدر اجلاس محمد سیف الدین کے اختتامی کلمات اور ہدیہ تشکر پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔