اسپشل اسٹوری

حرا کلچرل سنٹر میں وحی کے نزول سے متعلق علمی نمائش

ریاض ۔ کے این واصف

مکہ مکرمہ میں قائم حرا کلچرل سنٹر میں ابتدائی وحی کے نزول کے بارے میں معلومات سے بھرپور شاندار علمی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

 

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق عمرہ زائرین اور زندگی کے تمام شعبوں سے منسلک مقامی افراد و غیر ملکی زائرین کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ نمائش کی خاص بات جبل نور پر قائم غار حرا کی دلفریب تاریخی حیثیت کے ساتھ ساتھ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر پہلی وحی نازل ہونے کی خوبصورت تاریخ آڈیوویجول شو کے ذریعہ دیکھائی جارہی ہے۔

 

عمرہ زائرین اور مقامی افراد جدید ترین ٹیکنالوجی اور انٹرایکٹو ڈسپلے کے ذریعے تاریخی لمحات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ اس نمائش میں تاریخی نوادرات کے متعدد نمونے بھی رکھے گئے ہیں، جن میں قرآن پاک کا فوٹو گرافی نسخہ بھی شامل ہے جس کا تعلق حضرت عثمان غنیؓ کے دور خلافت سے ہے، اس کے علاوہ قدیم پتھروں پر قرآن پاک کی آیات کندہ ہیں۔مکہ مکرمہ میں قائم حرا کلچرل ڈسٹرکٹ ایک خاص اسلامی ثقافتی اور سیاحتی مقام ہے جو دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو اسلامی اور تاریخی معلومات بہم پہنچانے کی ذمہ داری نبھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

 

مملکت میں موسم خزاں کے آغاز کے موقع پر اسلامی اور تاریخی شاندار نمائش کے علاوہ حرا کلچرل سنٹر کے احاطے میں گھڑ سواری کی مہارت کے مظاہرے، روایتی کارواں کی نمائش اور زائرین کے لئے دیگر دلچسپ سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button