جنرل نیوز

مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کا اجلاس، 1500 ویں جشن میلاد کے تحت بڑے پیمانے پر مجالس کرنے کا فیصلہ 

عظیم الشان محافل نعت، عصری اداروں کے طلبہ کے لئے مسابقات سیرت دیگر پروگراموں کو قطعیت 

حیدرآباد 24 نومبر (پریس نوٹ) باعث تخلیق کائنات حضور اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے 1500 ویں جشن میلاد کے سال تمام ہونے والے پروگراموں کا مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے احیاء کیا جارہا ہے۔ مرکزی خانقاہ شطاریہ دبیرپورہ میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ مولانا سید غلام غوث شیخن احمد قادری شطاری صدر کمیٹی نے صدارت کی۔ مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ معتمد کمیٹی نے خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ کمیٹی کی جانب سے عظیم الشان پیمانہ پر شہر کے مختلف علاقوں میں ادب و احترام کے ساتھ محافل نعت منعقد کئے جائیں گے۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے نئی نسل کو حضور پاک صل اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی زندگی کے مختلف گوشوں سے واقف کروانے مسابقتی صلاحیتیں بیدار کرنے مختلف مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں کمیٹی کی جانب سے ایک نصاب کو تیار کیا گیا ہے جو عصری تعلیمی اداروں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ ان اداروں کے طلبہ کو تیاری کرنے ایک ماہ تا 40 دن دیئے جائیں۔ اس نصاب کی تیاری کا مقصد یہ ہے کہ نئی نسل کو حضور اکرمؐ اور اہل بیت اطہار علیہم السلام، صحابہ اکرام ؓ کی پاک زندگیوں اور تعلیمات سے واقف کروایا جاسکے۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے جشن میلاد کے ضمن میں بیرونی قوالوں کو مدعو کرتے ہوئے مرکزی سطح پر محفل سماع منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح کل ہند نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس میں بیشتر غیر مسلم شعراء کو مدعو کرنے کا بھی پروگرام ہے۔ مرکزی میلاد جلوس کے کنوینر مولانا حافظ محمد مظفر حسین خان بندہ نوازی نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو تفصیلات سے واقف کروایا۔ اجلاس کے شرکاء میں مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید شاہ محمد سیف اللہ حسینی الباقری سیف پاشاہ۔ مولانا خواجہ شاہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، مولانا مولانا سید ندیم اللہ حسینی، مولانا سید لیاقت حسین رضوی مختار پاشاہ، مولانا سید سعد الدین احمد قادری، مولانا سید نظام الدین ہارونی، مولانا سید ابوتراب قادری فدیری، مولانا صوفی سیف احمد یافعی، مولانا سید مرتضیٰ پاشاہ قادری کاشف پاشاہ زرین کلاہ، مولانا سید منور علی عاصم قادری، جناب محمد ایوب قادری اور بعض تنظیموں کے نمائندے شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button