سنبھل واقعہ کے خلاف کھمم میں زبردست احتجاج، مسلم نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والے پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

سنبھل واقعہ کے خلاف کھمم میں زبردست احتجاج، مسلم نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والے پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
فرقہ پرست طاقتوں، زعفرانی تنظیموں، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور یو پی کے چیف منسٹر یوگی آدتیاناتھ کے خلاف احتجاجیوں نے زبردست نعرے بازی کی۔ کھمم کمشنر پولیس سونیل دتھ کو یادداشت پیش کی گئی۔
24 نومبر کو ریاست یو پی کے سنبھل میں واقع شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعہ میں پولیس کی فائرنگ میں چار مسلم نوجوان شہید ہوئے۔ اس پر تشدد واقعہ کے خلاف عوام ہند ویلفیئر اینڈ چارٹیبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ محمد جواد احمد کی قیادت میں کھمم کے زیڈ پی سرکل ویرا روڈ پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے کے روبرو زبردست اور پرامن احتجاج منظم کیا گیا۔
اس احتجاج میں سنبھل واقعہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے "دیش بچاؤ، دستور بچاؤ” کے نعرے دیے گئے۔ احتجاجیوں نے سنبھل واقعہ کے خلاف اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور یو پی کے چیف منسٹر یوگی آدتیاناتھ کے خلاف نعرے بازی کی اور فائرنگ میں ملوث پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر محمد اسعد، ماہر تعلیم و صدر مسلم حقوق احتجاجی کمیٹی، چھوٹے بابا سینئر کانگریس قائد عزیز الحق قمر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں فرقہ پرست طاقتیں پرامن ماحول کو مکدر کرنے کے لیے اور مسلمانوں کو دہشت میں مبتلا کرنے کے لیے مندر کے نام پر مساجد کا سروے کروا رہی ہیں، جو آئین اور دستور ہند کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز ورکشاپ ایکٹ 1947 کے تحت آزادی کے بعد سے تمام عبادت گاہوں کو ان کی اصل حالت میں ہی رکھا گیا ہے، لیکن آج فرقہ پرست طاقتیں عدلیہ کا سہارا لے کر مساجد اور درگاہوں کو مندر کے نام پر سروے کرانے کی کوشش کر رہی ہیں، جو سراسر آئین کے خلاف ہے۔ ہمارا ملک ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے اور چند فرقہ پرست طاقتیں فرقہ وارانہ ماحول کو ہوا دینے کی ناپاک کوششیں کر رہی ہیں۔ ملک کی اکثریت سیکولرزم پر یقین رکھتی ہے اور ملک کی سالمیت، امن و امان اور بھائی چارے میں ہی ترقی ہے۔
اس کے بعد حافظ محمد جواد احمد کی قیادت میں کھمم ضلع کمشنر پولیس سونیل دتھ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ سنبھل کے پرتشدد واقعہ کے ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان عہدیداروں کے ساتھ ساتھ ضلع کلکٹر کو بھی معطل کیا جائے۔ مرکزی حکومت اور یو پی حکومت سے اس پر فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر محمد اسعد قاسم، ایم پی جے کھمم، ضلع صدر عبد الحکیم بابو سی پی ایم پارٹی، حافظ عبد الحمید، مفتی عمران قاسمی، مفتی عبد الخالق قاسمی، احسن مستقیم اور معین الدین صدر مٹن ایسوسی ایشن ضلع کھمم موجود تھے۔