تلنگانہ

نظام آباد میں روڈی شیٹر ابراہیم چاوش کے قتل واقعہ میں12 ملزمین گرفتار _ عارف ڈان اہم ملزم

نظام آباد _ 5 دسمبر ( اردولیکس) تلنگانہ کے نظام آباد شہر  میں دو دن قبل پیش آئے ایک روڈی شیٹر ابراہیم چاوش عرف جنگلی اببو کے قتل واقعہ میں پولیس نے 15 ملزمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے 12 ملزمین کو گرفتار کرلیا جن میں اہم ملزم روڈی شیٹر عارف ڈان بتایا گیا۔ جبکہ تین ملزمین فرار ہیں قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار اور کار کو بھی ضبط کیا گیا

نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے اے سی پی وینکٹیشورلو نے میڈیا کے سامنے 12 ملزمین کو پیش کیا۔جن میں عارف ڈان، عامر علی خان،محمد اعجاز احمد ،شیخ امجد، شیخ قادر، شیخ معز، مرزا خواجہ بیگ، سید مدثر، شیخ ندیم ،شیخ ارشد، عبدالفضل ،عرفان خان شامل ہیں جبکہ مفرور بتائے گئے تین ملزمین میں سید عثمان، رحمان اور نبی شامل ہیں یہ تمام ملزمین کا تعلق نظام آباد کے مختلف علاقوں سے ہے اور ان کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان بتائی گئی۔

اے سی پی نے بتایا کہ  نظام آباد کے مضافاتی علاقہ میں  اتوار کی رات نہرو نگر میں خواجہ بیگ لکڑی کی ٹال کے پیچھے گراؤنڈ پر روڈی شیٹر ابراہیم چاوش عرف جنگلی اببو (29) کا ایک  روڈی شیٹر عارف ڈان اور اس کے 14 ساتھیوں نے چاقو سے وار کر کے قتل کر دیا تھا متوفی کی بیوی 20 سالہ نشاط ثانیہ کی شکایت پر پولیس نے اس معاملے میں 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے

 

 

 

انھوں نے بتایا کہ سارنگ پور سے تعلق رکھنے والے ارشد کی سالگرہ کی تقریب اتوار کی شب منعقد ہوئی تھی ۔ارشد نے اپنی سالگرہ میں ڈرائیورز کالونی کے پرانے دوستوں عارف ڈان اور ابراہیم چاؤش عرف جنگلی اببو کو مدعو کیا تھا۔ عارف اور جنگلی اببو پرانے مجرم ہیں۔ دونوں کے خلاف اقدام قتل اور حملہ کے مقدمات درج ہیں، ان دونوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی درج کیا گیا۔ حالیہ دنوں میں دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور وہ غیر قانونی گینگ اور غنڈہ گردی چلا کر اپنے اپنے گینگ قائم کر رہے تھے اسی دوران آج کی تقریب میں ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس پر عارف ڈان اور اس کے ساتھیوں نے جنگلی اببو کا قتل کردیا تھا

متعلقہ خبریں

Back to top button