جنرل نیوز

قرآن مجید کی تلاوت نجات کا ذریعہ ہے -مدرسہ اسلامیہ امداد العلوم کھمم میں منعقدہ مجلس ختم قرآن سے حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب کا خطاب

قرآن مجید کی کثرت سے تلاوت کرنا نجات کا ذریعہ اور متقیوں کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد دکن کے مشہور و معروف صاحبِ نسبت عالم دین حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب، ناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد نے مسجد ابرار، احاطہ مدرسہ اسلامیہ امداد العلوم کھمم میں منعقدہ مجلس ختم قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

مسجد ابرار میں چاند رات سے عشرہ کا نظم کیا گیا تھا جس میں روزانہ نمازِ تراویح میں تین پارے سنائے گئے۔ حضرت مفتی جلال الدین صاحب قاسمی نے نماز تراویح میں قرآن سنانے کی سعادت حاصل کی۔

 

ختم قرآن کے موقع پر مہمانِ خصوصی حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ قرآنِ مجید کا نزول تمام انسانیت کے لیے ہدایت کا ذریعہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان قرآن مجید کی تلاوت کو اپنا روزانہ کا معمول بنائیں۔ مولانا نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ ہر مسلمان کو چاہیے کہ روزانہ کم از کم آدھا پارہ قرآنِ مجید کی تلاوت کا معمول بنا لے۔

 

مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید کے آغاز میں واضح فرمایا ہے کہ یہ کتاب متقیوں کے لیے ہدایت ہے۔ آج امتِ مسلمہ میں جو زوال نظر آرہا ہے، اس کا سبب قرآنِ مجید سے دوری ہے۔

 

انہوں نے رمضان المبارک کو نزولِ قرآن کا مہینہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اس مقدس مہینے میں تراویح میں قرآنِ مجید سننا اللہ سے قربت کا بہترین ذریعہ ہے۔ مولانا نے امتِ مسلمہ کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم پر لازم ہے کہ اللہ تعالیٰ سے رجوع کریں، اپنے گناہوں پر ندامت کا اظہار کریں اور قرآن مجید سے مضبوط تعلق قائم کریں۔

 

مجلس ختم قرآن میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجلس کا اختتام حضرت مولانا عبد القوی صاحب کی رقت انگیز دعا پر ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button