کریم نگر کے ماناکنڈور میں وقف ترمیمی بل کے خلاف مسلمانوں کا احتجاج

آج بتاریخ ۱۱/اپریل ۲۰۲۵ء بعد نماز جمعہ وقف (ترمیمی) بل ۲۰۲۴ کے خلاف تلنگانہ مسلم جے۔اے۔سی۔ کی ہدایات پر ماناکنڈور مسلم جے۔اے۔سی۔ کے زیر نگرانی ماناکنڈور کے مسلم نوجوانوں کی جانب سے روبرو جامع مسجد پُرامن احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے بعد پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس پریس کانفرنس میں ماناکنڈور مسلم جے۔اے۔سی۔ کے ذمہ داروں نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بل مسلمانوں کی وقف املاک کے انتظام میں حکومت کی مداخلت میں اضافہ اور غیر مسلم اراکین کی شمولیت کی تجویز پیش کرتا ہے، جس پر مسلم تنظیموں اور رہنماؤں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس اقدام کو مسلمانوں کی جائیداد پر قبضے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ہماری املاک چھیننے کا کوئی حق نہیں، اور ایسا اقدام آئین کے خلاف ہوگا۔ وہ اس بل کو فوری واپس لے اور مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔ ان تمام سرگرمیوں کا مقصد حکومت کو یہ باور کرانا ہے کہ مسلمان اپنے مذہبی حقوق اور اوقاف کی خودمختاری پر کسی قسم کی مداخلت کو قبول نہیں کریں گے۔ یہ احتجاجی اقدامات آئین اور جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے جاری ہیں۔
اس پروگرام میں جناب سید شرف الدین صاحب، صدر انتظامی کمیٹی مساجد، جناب سید سراج الدین صاحب، معتمد انتظامی کمیٹی، مفتی مولانا ندیم الدین صاحب، صدر آل انڈیا علماء کونسل، اور ماناکنڈور مسلم جے۔اے۔سی۔ کے ذمہ داران جناب محمد غوث خان صاحب، محمد امیراللہ خان صاحب، محمد حبیب الدین صاحب، کے ایم فرید الدین صاحب و جناب سید حامد علی ساجد صاحب نے حصہ لیا۔