تلنگانہ

حیدرآباد کو لائن مارروں” مشہور و معروف کارٹونسٹ شیخ سبحانی کے فن پاروں کی نمائش

حیدرآباد: محکمہ ثقافت تلنگانہ کے زیر اہتمام ” ورلڈ ہیریٹیج ڈے” کے موقع پر ایک منفرد فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ "حیدرآباد کو لائن مارروں…” کے زیر عنوان منعقد شدنی اس نمائش میں مشہور کارٹونسٹ شیخ سبحانی کے ہاتھ سے تیار کردہ فری ہینڈ اسکیچس اور تصویری فن پارے پیش کیے جائیں گے۔

 

یہ تین روزہ نمائش 18، 19 اور 20 اپریل 2025 کو نہرو آرٹ گیلری، جے این اے ایف اے یو کالج آف فائن آرٹس مانصاحب حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی۔ نمائش کے اوقات دوپہر 12 بجے سے شام 6 بجے تک مقرر ہیں جبکہ افتتاحی تقریب 18 اپریل کو شام 4 بجے منعقد ہوگی۔

 

شیخ سبحانی دکن کرانیکل اور ایشین ایج کے کارٹون ایڈیٹر ہیں وہ گزشتہ تین دہائیوں سے کارٹون بنانے کے فن سے وابستہ ہیں اور اب تک ان کے 35,000 سے زائد کارٹونس اور 15,000 سے زائد تصویری خاکے تخلیق کر چکے ہیں۔ ان کا شمار ملک کے سرکردہ کارٹونسٹوں میں ہوتا ہے انھیں نہ صرف "پریس کونسل آف انڈیا” کے نیشنل ایوارڈ فار ایکسیلنس اِن جرنلزم سے نوازا گیا بلکہ انہیں 2010 میں کارٹوننگ کے شعبہ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں باوقار "یُدھ ویر ایوارڈ” سے بھی سرفراز کیا گیا ہے۔

 

گزشتہ 30 سال سے ان کے کارٹونس ملک بھر میں کروڑوں قارئین کی پسند ہیں۔وہ متعدد کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں ” دی ڈرائیو” اور ” پوائنٹ کاونٹر پوائنٹ” کے علاوہ ” آداب حیدرآباد” اور ” اسکرین ٹونس” شامل ہیں۔ان کے فن پارے بین الاقوامی سطح پر یونان، جرمنی، چین، جاپان، ایران اور خلیجی ممالک میں بھی نمائش کا حصہ بن چکے ہیں۔

 

شیخ سبحانی کی اس نمائش میں شہرِ حیدرآباد کی تہذیبی تاریخی اور ثقافتی جھلکیاں سادہ لائن اسکیچس اور مصوری کے ذریعہ نمایاں کی جائیں گی۔محکمہ ثقافت کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس تقریب میں شرکت کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button