ملک میں نفرت کے ماحول کو بڑھا رہی ہے بی جے پی، دستور کو ختم کرنے کی کوشش — محمد جاوید

کھمم سٹی کانگریس پارٹی کے صدر محمد جاوید کی قیادت میں "جے باپو، جے بھیم اور دستور بچاؤ” کے عنوان سے ایک عظیم الشان ریالی کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس ریالی میں کانگریس کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر محمد جاوید نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کر رہی ہے اور دستور کو ختم کرنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہے۔ آج ملک میں اقلیتوں، عیسائیوں اور دلتوں کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔ فرقہ پرست طاقتیں اوقافی جائیدادوں پر قبضے کی سازش کر رہی ہیں، اور آنے والے دنوں میں ممکن ہے کہ وہ عیسائی برادری کو بھی نشانہ بنائیں۔
محمد جاوید نے واضح طور پر کہا کہ ملک دوبارہ تقسیم نہیں ہوگا۔ راہول گاندھی نے نفرت کے خلاف محبت کا پیغام عام کرنے کے لیے "بھارت جوڑو یاترا” نکالی ہے، جو قابلِ ستائش قدم ہے۔ کانگریس پارٹی اقلیتوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج کے دور میں جب دستور پر حملے ہو رہے ہیں، ایسے میں "کالے انگریزوں” کے خلاف ایک نئی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ملک کی اکثریت آج بھی سیکولرزم پر یقین رکھتی ہے، اور ہم سب کو مل کر دستور کا تحفظ کرنا ہوگا۔