تلنگانہ اقلیتی کانگریس کا اجلاس 21 اپریل کو گاندھی بھون میں، تمام اقلیتی قائدین سے شرکت کی اپیل

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری محمد صابر علی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں اعلان کیا کہ تلنگانہ اقلیتی کانگریس کے انچارج کے طور پر کرناٹک سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریس قائد ایچ ایم شکیل نواز کو مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی آمد 21 اپریل، بروز پیر، کو حیدرآباد میں متوقع ہے۔
اس موقع پر گاندھی بھون، حیدرآباد میں اقلیتی کانگریس قائدین کا ایک اہم اجلاس دوپہر 2 بجے منعقد کیا جائے گا، جس میں شکیل نواز صاحب شرکت کریں گے اور اقلیتی قائدین سے براہِ راست تبادلہ خیال کریں گے۔
محمد صابر علی، جو کہ کھمم شہر سے تعلق رکھتے ہیں، نے متحدہ کھمم ضلع کے تمام کانگریس اقلیتی قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم اجلاس میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی تجاویز اور مسائل تلنگانہ اقلیتی کانگریس کے انچارج کے روبرو پیش کریں۔
اجلاس کا مقصد ریاست بھر میں اقلیتوں سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کرنا اور آئندہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔