پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت۔ یہ اسلام، انسانیت اور کشمیری تہذیب کی روح پر حملہ ہے

پریس ریلیزجاری کردہ: سید بابر اشرف کچھوچھوی جنرل سیکریٹری، آل انڈیا محمدی مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم کشمیر کے خوبصورت وادی پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جس میں معصوم و بے گناہ انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ یہ نہ صرف ایک انسانیت سوز جرم ہے بلکہ اسلام کے روحانی و اخلاقی اصولوں کی کھلی توہین بھی ہے۔
یہ نہایت افسوسناک امر ہے کہ کچھ شدت پسند گروہ اسلام کے مقدس نام کا ناجائز استعمال کر کے دہشت، خوف اور نفرت کو فروغ دے رہے ہیں۔ ان کا عمل نہ صرف اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
جس فکر نے اسلام کے نام پر مولا علی اور امام حسین جیسے حق و عدل کے علمبرداروں کو خاک و خون میں نہلایا، وہی گمراہ کن فکر آج بھی سرگرم ہے اور پوری انسانیت کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ ایسی شدت پسند سوچ ہر دور میں دینِ اسلام کی اصل روح کے خلاف رہی ہے۔
اسلام کے وہ عظیم رہنما، جنہوں نے باطل قوتوں کے خلاف اپنا سب کچھ قربان کر دیا، آج بھی ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ ظلم، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف ڈٹ جانا ہی اصل اسلام ہے۔ہندوستان اور کشمیر کی سرزمین ہمیشہ صوفیاء کرام کی محبت، امن اور بھائی چارے کی تعلیمات کا مرکز رہی ہے۔
حضرت شیخ نورالدین ولیؒ، حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ، حضرت نظام الدین اولیاؒ اور حضرت مخدوم اشرف جہانگیر سمنانیؒ جیسے اولیائے کرام نے اپنے کردار و گفتار سے نفرت کی آگ بجھائی اور دلوں میں محبت کے چراغ جلائے۔
حضرت مخدوم اشرفؒ کی زندگی خاص طور پر اس بات کی روشن دلیل ہے کہ باطنی صفائی، عدل، رحم اور برداشت ہی وہ صفات ہیں جو ایک حقیقی مسلمان کو دہشت گردوں سے ممتاز کرتی ہیں۔
ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔آل انڈیا محمدی مشن حکومتِ ہند سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس سفاکانہ حملے میں ملوث مجرموں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مضبوط اقدامات کیے جائیں۔
ہم ملک کے تمام شہریوں اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صوفی تعلیمات اور اکابرینِ دین کے راستے پر چلتے ہوئے امن، محبت، اور اتحاد کو فروغ دیں، اور ہر قسم کی شدت پسندی، فرقہ واریت اور نفرت انگیزی کو مسترد کریں۔