جنرل نیوز

دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، پہلگام و جنارم کے واقعات قابل مذمت : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

حیدرآباد۔ مذہب پوچھ کر قتل کیے جانے کے واقعات کو بعض شرپسند عناصر ہندو مسلم رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ ان خیالات کااظہار مسجد محمودہ، شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے مولانا حافظ محمد ریاض احمد قادری حسامی خلیفہ مولانا جعفرپاشاہ عاقل ثانی نے کیا

 

۔انہوں نے اس موقع پر پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔مولانا نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کہا کہ اسلام کی نظر میں ہر جان قیمتی ہے، خواہ وہ کسی بھی مذہب، مسلک یا قوم سے تعلق رکھتی ہو۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حقیقی مسلمان کبھی بھی ظلم و دہشت گردی نہیں کرتابلکہ اسلام ہمدردی، رواداری اور امن کا دین ہے۔ جو لوگ فساد اور دہشت گردی پھیلاتے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،

 

وہ صرف مذہبی منافرت کو ہوا دیتے ہیں۔مولانا ریاض احمد حسامی نے ریاست میں جنارم سنگاریڈی کے حالیہ واقعے پر بھی افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہاکہ بلاتحقیق مدرسہ پر حملہ اور وہاں کے معصوم بچوں کوتشدد کانشانہ بنانااورانہیں ہراساں کرنا بھی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خاموشی اور لاپرواہی ناقابل فہم ہے۔

 

انہوں نے یاد دلایا کہ کے سی آر کے دور حکومت میں کانگریس کی حالت خستہ تھی لیکن اقلیتوں کے تیئں کے سی آر حکومت کی کچھ پالیسیوں اور فیصلوں کے سبب مسلمانوں اوردیگر نے کانگریس کی تائید کی، لیکن اب دوبارہ فسادات کا سامنا ہے اور مسلمانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مولانا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرقہ پرستوں اور دہشت گردوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انصاف ہو اور سماج میں امن قائم رہے

 

۔آخر میں مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ قرآن سے تعلق مضبوط کریں، اپنے کردار سے اسلام کی صحیح تصویر دنیا کے سامنے لائیں اور عبادات کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی پوری سنجیدگی سے ادا کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button