ایم ایس جونئیر کالج کے دو سابق طلبہ محمد سنان اور ثانیہ مہرین کی GATE 2025 میں شاندار کامیابی –آل انڈیا رینک10 اور 13 رینک حاصل
مینیجنگ ڈائریکٹر انور احمد نے ثانیہ مہرین کو تہنیت پیش کی، سول سروسز میں رہنمائی و تعاون کا وعدہ

حیدرآباد، 11 مئی 2025:ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کو اپنے دو سابق طلبہ محمد سنان اور ثانیہ مہرین کی زبردست کامیابی پر فخر ہے، جنہوں نے قومی امتحان گریجویٹ اپٹیٹیوٹ ٹسٹ ان انجینئرنگ GATE 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں ،اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا ہے۔
محمد سنان جو ایم ایس لطیفی 40 اور ایم ایس جونئر کالج ملک پیٹ آئی او ای کیمپس کے سابق طالب علم رہے ہیں ان کا تعلق ریاست کیرالہ سے ہے۔2021 میں امتیازی نشانات کے ساتھ انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے کے بعد محمد سنان نے گورنمنٹ انجینئرنگ کالج تریشور (کیرالہ) میں مکینیکل انجینئرنگ میں بی ٹیک میں داخلہ حاصل کیا اور اس کی تکمیل کے بعد انہوں نے GATE مکینیکل انجینئرنگ کے شعبے میں آل انڈیا رینک ۱۰ (اوپن کیٹیگری) حاصل کیا۔ اب وہ آئی آئی ٹی سے ایم ٹیک کرنے کے خواہاں ہیں اور ان کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے ذریعے قوم و ملت کی خدمت کرنا ہے۔ محمد سنان نے اپنی اس شاندار کامیابی کو لطیفی 40 پروگرام کے تحت ایم ایس جونئر کالج میں ان کی تعلیم و تربیت سے معنون کیا.
اسی طرحMS ایجوکیشن اکیڈیمی کو اپنی سابق طالبہ ثانیہ مہرین پر بھی فخر ہے، جنہوں نے بائیو میدیکل ٹکنالوجی کے شعبہ میںGATE 2025 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے آل انڈیا رینک 13(اوپن کیٹیگری)حاصل کیا۔ اس کامیابی پر انہیں MS ایجوکیشن اکیڈیمی کے مینیجنگ ڈائریکٹر جناب انور احمد نے ایم ایس جونئر کالج( آئی او ای) مہدی پٹنم میں خصوصی طور پر تہنیت پیش کی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ثانیہ مہرین نے کہا:”میں نے اپنا انٹرمیڈیٹ MS جونئیر کالج مہدی پٹنم سے مکمل کیا، جہاں سے مجھے نہ صرف اعلیٰ تعلیمی معیار حاصل ہوا بلکہ ایک مضبوط بنیاد بھی ملی، جس کی بدولت آج میں یہاں تک پہنچی ہوں۔ الحمدللہ میں نے انٹرمیڈیٹ 2021میں 1000 میں سے 990 نشانات حاصل کیے، پھر EAMCET اور JEE میں کامیابی حاصل کی اور عثمانیہ
یونیورسٹی میں Biomedical Engineering میں داخلہ لیا۔ اب میری نظر IIT پر ہے اور میں نے IIT بمبئی، دہلی، مدراس اور حیدرآباد میں داخلہ کی درخواست دی ہے۔”انہوں نے مزید کہا:
"میں MS کے تمام اساتذہ کی بے پناہ مشکور ہوں، جنہوں نے ہمیشہ ہمیں حوصلہ دیا اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ آج جو کچھ بھی میں حاصل کر رہی ہوں، وہ MS میں ملی تعلیم، رہنمائی اور ترغیب کا نتیجہ ہے۔”
ثانیہ مہرین نے اپنے مستقبل کے منصوبوں میں سول سروسز کی تیاری کو بھی شامل کیا ہے۔ اس موقع پر MS ایجوکیشن اکیڈیمی کی اعلیٰ انتظامیہ نے نہ صرف ان کے خواب کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا بلکہ ان کے لیے خصوصی رہنمائی فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی ہمیشہ سے اپنے طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا عزم رکھتا ہے ، نہ صرف دورانِ تعلیم بلکہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد بھی۔ ادارہ اپنے سابق طلبہ کی کامیابیوں پر خوشی مناتا ہے اور ان کی مزید ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا ہے، تاکہ وہ قوم و ملت کا سرمایہ بن سکیں۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے مینیجنگ ڈائریکٹر جناب انور احمد نے کہا:”محمد سنان اور ثانیہ مہرین جیسے ہونہار طلبہ ہمارے لیے ترغیب اور تحریک کا ذریعہ ہیں۔ایم ایس کا مشن صرف امتحانات میں کامیابی تک محدود نہیں بلکہ ہم اپنے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم، ملک و ملت کی خدمت اور قومی و عالمی سطح پر قیادت کے لیے تیار کرتے ہیں۔”
اپنی سابق طالبہ ثانیہ مہرین کی شاندار کامیابی پر انہیں تہنیت پیش کرنے کے اس موقع پر ایم ایس جونئر کالج کے سینئر فیکلٹی و ڈائرکٹر شیخ صادق علی اور اساتذہ بھی موجود تھے ۔