مسجد رشیدیہ کمیٹی کی جانب سے ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ میں کامیاب طلباء وطالبات کو تہنیت

مسجد رشیدیہ کمیٹی کی جانب سے اس سال ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ میں محلہ کے کامیاب طلباء وطالبات کو تہنیت پیش کی گئی۔صدر کمیٹی مسجد ِ رشیدیہ حافظ محمد فصیح الدین کا بیان۔
میدک13مئی(اردو لیکس نیوز)طلباء کو ہمیشہ تعلیمی میدان میں مسابقت پر توجہ دینا چاہئیے۔تعلیم کے بغیر ترقی کافی محال ہے۔نوجوانوں کو چاہئیے کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرمولانا میر عابد اللہ ندویؔ امام وخطیب مسجد ِ عروب نے مسجد ِ رشیدیہ محلہ رشید کالونی میں انتظامی کمیٹی کی جانب سے سالِ رواں ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کےاعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جناب شیخ فضل احمد ایڈوکیٹ پبلک پراسیکیوٹرمیدک کورٹ نےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو چاہئیے کہ وہ حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے وقت کی صحیح معنیٰ میں قدر کریں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنائیں۔اجلاس سے سابقہ کونسلر محمد سمیع الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی میدان میں طلباء وطالبات کو اس بات کا عزم ِ مصمم کرنا چاہئیے کہ وہ تعلیمی میدان میں سبقت حاصل کرتے ہوئے معمولی عہدوں کے بجائے سیول سرویسیس پر خصوصی توجہ دیں۔اور اپنے اوقات کا صحیح استعمال کریں۔
محمد امداد علی ذمہ دارمسجد کمیٹی نے خطاب کرتے ہوئے بچوں کو اپنے مستقبل کاٹارگٹ ابھی سے طئے کرنے کی طرف توجہ مبذول کروائی۔اجلاس کی کاروائی صدر مسجد کمیٹی جناب حافظ محمد فصیح الدین (نمائندہ روزنامہ منصف ضلع میدک)نے کی۔تہنیتی تقریب کی سرپرستی سرپرست مسجد کمیٹی جناب عبد الحفیظ ،صدارت شیخ فضل احمد ایڈوکیٹ،نگرانی محمد امجد علی نے کی۔اس موقع پر کامیاب طلباء وطالبات کو مسجد کمیٹی کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی
۔محمد سمیع الدین اور میسن بن عبد اللہ کانگریس پارٹی لیڈر وانچارج 25 وارڈ ،محمد امداد علی کی جانب سے تحائف کی تقسیم عمل میں آئی۔اس موقع پر معززین ِ محلہ میں امام مسجد حافظ سید خلیل الدین،جناب محمد داؤد علی،محمد عبد القادر،محمد سلیم،محمد عارف،محمد نور الدین،محمد عارف الدین،محمد عباس علی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔اجلاس کا اختتام مولانا میرعابد اللہ ندویؔ کی دعاء پر ہوا۔