جنرل نیوز

عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کو گوشالہ منتقل نہ کیا جائے

عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کو گوشالہ منتقل نہ کیا جائے۔بستی دواخانوں کا قیام،آدھار کارڈ، فیس باز ادائیگی انجینئرنگ طلبہ کو مشکلات۔ مسائل پر مبنی ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتوکو سینئر قائد کانگریس سید نجیب علی کی یادداشت 

 

 

نظام آباد:15/مئی (اردو لیکس) ضلع کلکٹر نظام آباد مسٹرراجیو گاندھی ہنمنتو سے آج کانگریس کے سینئر قائد سید نجیب علی کی قیادت میں ایک وفد جو سمیر احمد زونل صدر آل انڈیا قومی تنظیم، ڈاکٹر محمد اختر سابقہ ڈائرکٹر نوڈا، محمد وجہہ اللہ ناظم جمعیت اہلحدیث پر مشتمل تھا ملاقات کرتے ہوئے اقلیتی امور و مسائل کو ان کے علم میں لاتے ہوئے اس کی سرعت کے ساتھ یکسوئی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔

 

نظام آباد محکمہ اقلیتی بہبود آفیسر کی طویل مدت رخصت اور دفتر میں سپرنٹنڈنٹ کے عدم تقرر کے باعث محکمہ کی کارکردگی مکمل ٹھپ ہوکر رہ گئی اور محکمہ میں آنے والوں کو کوئی سننے والا موجود نہیں ہے۔ دفتر میں فوری اثر کے ساتھ عارضی ڈپٹیوشن عمل میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے بتایاکہ انجینئرنگ کالج میں زیر تعلیم طلبہ کو امتحانات کی فیس قبول کرنے سے انتظامیہ کے انکار کے باعث طلبہ اور اولیائے طلبہ میں شدید تشویش و بے چینی پائی جاتی ہے

 

جبکہ ریاستی حکومت نے فیس ری ایمبرسمنٹ کے سلسلہ میں کام خانگی انجینئرنگ کالجس کے انتظامیہ کو رہنمایانہ ہدایات جاری کی ہے جس پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے۔ کالجس انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے اس مسئلہ کو فوری حل کرنے کی خواہش کی۔ نظام آباد ضلع میں گذشتہ چند ماہ سے نئے آدھا رکارڈ کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے اب جبکہ راشن کارڈس میں ناموں کا اندراج کیاجارہا ہے۔ نئے ناموں کی شمولیت کیلئے آدھار کارڈس کی عدم اجرائی سے ہونے والی مشکلات سے واقف کروایا گیا۔

 

اور ضروری اقدامات روبہ عمل لانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ نظام آباد کے مختلف مسلم علاقوں میں بستی دواخانوں کیلئے عارضی بلڈنگ میں فوری بستی دواخانوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وفد نے بتایاکہ گنجان آبادی والے سلم علاقوں دھرم پوری ہلز، ناگارام، وینگل راؤ نگر علاقوں میں بستی دواخانوں کے قیام کی شدید ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔

 

ضلع کلکٹر نے تیقن دیا کہ بستی دواخانوں کے قیام کو فوری اثر کے ساتھ یقینی بنایاجائے گا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ڈی ایم اینڈ ایچ او سے بات چیت کی۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت درخواستوں کی جانچ میں ہونے والی تاخیر سے بھی وفد نے واقف کروایا۔ اور مقررہ وقت میں اس جانچ کو مکمل کرتے ہوئے باآسانی شادی مبارک اسکیم کے تحت رقم کی اجرائی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

عیدالاضحی کے پیش نظر پورے ضلع میں دیہی علاقوں میں متعلقہ پنچایت راج عہدیداروں اور بلدیات میں صفائی کے موثر اقدامات کو روبہ عمل لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اور کہاکہ محکمہ پولیس، محکمہ پنچایت راج اور بلدی کمشنرس کا ایک مشترکہ اجلاس طلب کرنے اور کسی بھی ناگہانی واقعہ اور فرقہ پرست عناصر کی نقص امن کے لئے کی جانے والی کسی بھی شرپسندانہ کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے موثر انتظامات روبہ عمل لانے کے اقدامات کی خواہش کی۔

 

اس کے ساتھ ساتھ جانوروں کو گوشالہ منتقل کرنے سے حالات بگڑنے کے خدشات پائے جاتے ہیں جس کے پیش نظر جانوروں کو گوشالہ کے بجائے محکمہ پنچایت راج و بلدیات کے تحت نگرانی میں رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے دوسرے مختلف امور کو بھی ضلع کلکٹر کے علم میں لاتے ہوئے یکسوئی کی خواہش کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button