تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری – ریاستی کابینہ کے اہم فیصلے

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج سیکریٹریٹ میں کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جو تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہا
۔ اس اجلاس میں ریاستی ملازمین، خواتین سیلف ہیلپ گروپس اور دیگر امور پر کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ریاستی ملازمین کو دو مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) دیے جائیں گے
جن میں سے ایک فوری طور پر دیا جائے گا اور دوسرا 6 ماہ بعد فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح ملازمین کے زیر التوا بلز کی ادائیگی کے لیے ہر ماہ 700 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کسی بھی ملازم کو عہدے کی توسیع نہیں دی جائے گی۔ حکومت نے حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کی توسیع کا فیصلہ بھی کیا ہے
۔ ملوگو ضلع کے انچرل گاؤں میں ایک آئل فیکٹری کے قیام کے لئے بارہ ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے۔ خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے لیے حادثاتی بیمہ اور قرض انشورنس کی ادائیگی کے لئے 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت نے ریاست میں دیہی سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کا بھی اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے اجلاس کے بعد بتایا کہ ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات پر تفصیل سے غور کیا گیا اور ریاستی مفاد میں ان پر فیصلے لئے گئے ہیں۔