30/مئی کو نظام آباد میں منعقدہ احتجاجی جلسہ عام میں صدر خالد سیف اللہ رحمانی، قائد مقننہ اکبر الدین اویسی، حکومتی مشیر محمد علی شبیرکی شرکت

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر نظام آباد میں احتجاجی پروگرامس کے لئے لائحہ عمل۔ عامتہ المسلمین کامیابی سے ہمکنار کریں
30/مئی کو نظام آباد میں منعقدہ احتجاجی جلسہ عام میں صدر خالد سیف اللہ رحمانی، قائد مقننہ اکبر الدین اویسی، حکومتی مشیر محمد علی شبیرکی شرکت
نظام آباد:24/مئی (اردو لیکس) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے شروع کی گئی مہم و تحریک وقف بچاؤ دستور بچاؤ ملک بھر میں تیزی کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلہ میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر قائم کی گئی نظام آباد مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 6نکاتی پروگرام کے منجملہ 2پروگرامس بتی گل اور گول میز کانفرنس کا کامیابی کے ساتھ نظام آباد میں احتجاجی پروگرام عمل میں لایا گیا۔ یہ بات نظام آباد مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کنوینر الحاج احمد عبدالعظیم نے لمرا گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایاکہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے مزید 4احتجاجی پروگرامس بتاریخ 27/مئی بروز منگل صبح 11بجے نظام آباد شہر میں انسانی زنجیر کا عملی طورپر مظاہرہ کیاجائے گا۔ یہ انسانی زنجیر نالیج پارک بودھن روڈ سے ہوتے ہوئے نہرو پارک تک او ر قلعہ روڈ تک وسعت دی جائے گی جو احتجاجی مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے صبح 11بجے تا 12بجے دن ایک گھنٹے تک نئے وقف ترمیمی قانون سے دستبرداری کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیاجائے گا۔ اسی طرح 28/مئی کو نعیم گراؤنڈفروٹ مارکٹ بودھن روڈ نظام آباد میں خواتین کا عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیاجائے جس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ممبر محترمہ جلیسہ یاسمین صاحبہ، ڈاکٹر قدوسہ صاحبہ اور محترمہ ناصرہ خانم صاحبہ شرکت و مخاطب کریں گی۔ خواتین کا یہ جلسہ عام کا آغاز نماز مغرب کے بعد کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ بتاریخ 30/مئی کو عیدگاہ جدید قلعہ نظام آباد میں عظیم الشان پیمانے پر جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔ اس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کمیٹی صدر خالد سیف اللہ رحمانی، قائد مقننہ مجلس اتحاد المسلمین اکبر الدین اویسی، حکومتی مشیر محمد علی شبیر، سابقہ ایم یل سی محمد محمود علی، ملک معتصم خان، خالد مبشر الظفرجماعت اسلامی، شفیق عالم جامی جمعیت اہلحدیث، مفتی ضیاء الدین نقشبندی، مفتی خلیل احمد جامعہ نظامیہ کے علاوہ دیگر علمائے اکرام و سیاسی سرکردہ قائدین اس جلسہ عام میں شرکت کرتے ہوئے مخاطب کریں گے۔ نظام آباد کنوینر مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی احمد عبدالعظیم نے کہاکہ نظام آباد ضلع کے منڈلوں و دیہی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں و سیکولر عوام میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف شعور بیداری مہم چلائیں گے اور وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے آواز بلند کریں گے۔ اس طرح یکم /جون کو دھرنا چوک نظام آباد پر مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نظام آباد کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی دھرنابمقام دھرنا چوک روبرو مجلس بلدیہ نظام آبادپر منظم کیا جائے گا۔ جس کا آغاز صبح 11بجے سے ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وقف ترمیمی قانون سے دستبرداری کیلئے ہر ایک ہندوستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس احتجاجی مہم و پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس سلسلہ میں بتاریخ 25/مئی بروز اتوار بوقت سہ پہر3بجے بمقام لمرا گارڈن فنکشن ہال بودھن روڈ نظام آبادمیں نوجوانوں کا خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گاتاکہ نوجوان وقف ترمیمی قانون کے خلاف چلائی جارہی مہم و تحریک میں ایک طاقت بن کر حصہ لے سکیں۔ اس موقع پرصدر مجلس نظام آباد ٹاؤن محمد شکیل احمد فاضل، سابقہ ڈپٹی میئر ایم اے فہیم، مولانا حیدر قاسمی، محمد انور خان، احتشام صدیقی، ضیاء احمد، وجہہ اللہ نے نوجوانوں سے خصوصی اجلاس میں شرکت کی پرخلوص خواہش کرتے ہوئے کہاکہ نظام آباد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کئے جارہے دیگر احتجاجی پروگرامس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور قوم و ملت کے لئے اتحاد ویکجہتی کا پیغام دیں اس صحافتی کانفرنس میں صدر ضلع مجلس محمد فیاض الدین، نظام آباد مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین مولانا عابد قاسمی، ارشد متین مظاہری، یحییٰ ظفر، ایم اے معیز، شیخ حسین، ایم این بیگ زاہد، شیخ ظہیر الدین و دیگر موجود تھے۔