دہلی میں کورونا کیسس کی تعداد 100 سے بڑھ گئی

نئی دہلی: ملک میں ایک بار پھر کورونا وائرس نے سنسنی پھیلا دی ہے، ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں نئے کیسس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ دہلی میں اس وقت 104 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ صرف ایک ہفتے میں 99 نئے مریض سامنے آنا
تشویشناک ہے۔ کیرالا میں کیسس کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ملک بھر میں فعال کیسس کی مجموعی تعداد 1009 ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 750 نئے افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ تفصیلات پیر کے روز مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کی گئیں۔
حال ہی میں ایشیائی ممالک، خصوصاً ہانگ کانگ، سنگاپور، تھائی لینڈ اور چین میں کووڈ-19 کا پھیلاؤ بہت تیزی سے ہو رہا ہے۔ ہفتہ وار ہزاروں کیسس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پھیلاؤ کی بڑی وجہ جے این.1 ویرینٹ اور اس
کی ذیلی اقسام ہیں۔ سنگاپور کی وزارت صحت کے مطابق جے این.1 کی ذیلی اقسام جیسے ایل ایف.7 اور این بی.1.8 تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بخار، ناک بہنا، گلے میں خراش، سر درد اور تھکن جیسے ہلکے
علامات ظاہر ہو رہے ہیں اور مریض عموماً چار دن میں صحتیاب ہو جاتے ہیں۔ حال ہی میں انڈین سارس-کوو-2 جینومکس کنسورشیم (INSACOG) نے بھی ان ہی ذیلی اقسام کی ہندوستان میں موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
اعداد و شمار کے لحاظ سے کیرالا سب سے آگے ہے اس کے بعد مہاراشٹرا، دہلی، گجرات، کرناٹک، اترپردیش اور مغربی بنگال میں وائرس کی شدت دیکھی جا رہی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق بہار میں بھی پہلا کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔ اگرچہ
کیسس رپورٹ ہو رہے ہیں لیکن فی الحال شدت کم ہی ہے، یہ بات حال ہی میں مرکزی وزارت صحت نے کہی ہے۔