کرناٹک۔ شبیر احمد پاشا وزیراعظم کے 15 نکاتی پروگرام کمیٹی کے رکن نامزد

سری نیواس پور: کرناٹک حکومت نے سری نیواس پور کے جناب شبیر احمد پاشا بن محمد بشیر (زاکر حسین محلہ، سری نیواس پور) کو کولار ضلع وزیراعظم کے 15 نکاتی پروگرام کمیٹی کا رکن مقرر کیا ہے۔
اس سے قبل وہ کولار ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کولار ضلع ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن میں دیہی سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ فی الوقت وہ کولار و چکبالاپور ضلع ورکنگ جرنلسٹس ملٹی پرپز کوآپریٹیو سوسائٹی اور سری نیواس پور قصبہ ریشم کاشتکار و کسان سیوا کوآپریٹیو سوسائٹی میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سری نیواس پور تعلقہ بھارت سیوادل کے نائب صدر اور تعلقہ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نائب صدر بھی ہیں۔
اپنی اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شبیر احمد پاشا نے وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری جناب نصیر احمد، سابق ایم ایل اے کے۔ آر۔ رمیش کمار، اقلیتی کمیشن کے صدر یو۔ نثار احمد ، کے۔ ایم۔ ڈی۔ سی کے ڈائریکٹر عبدالقیوم اور دیگر متعلقہ افسران کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے اقلیتی برادری کی ترقی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے میں ایمانداری سے کام کریں گے اور تعلیم کے معیار کو بلند کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے۔