ادبی فورم، ریاض کے زیر اہتمام یادگار طنزیہ ومزاحیہ مشاعرہ

ریاض (سعودی عرب ) 25 مئی -( ای میل ) معروف ادبی تنظیم ادبی فورم (IFC)، ریاض کے زیرِ اہتمام طنز و مزاح پر مبنی ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ باذوق محفل ہوٹل خیام، حارہ میں شام 7بجے سے رات 11:30 بجے تک جاری رہی، جس میں ریاض کے ممتاز ادباء و شعراء نے شرکت کی۔
محفل کی صدارت ابو نبیل خواجہ مسیح الدین نے کی، جبکہ نثری نشست کی نظامت تنویر احمد تماپوری اور شعری نشست کی نظامت ضیاء عرشی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے قیوم احمد اور مہمانانِ اعزازی میں ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی، ڈاکٹر شوکت پرویز، اور صدرِ ادبی فورم طاہر بلال اسٹیج پر رونق افروز رہے۔محفل کا باوقار آغاز حسب روایت تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت موسیٰ کلیم اللہ نے اپنی خوش الحان آواز میں حاصل کی۔ اس کے بعد نثری نشست کا آغاز ہوا جس میں جمیل احمد، سعید اختر اعظمی، تنویر احمد تماپوری اور خواجہ مسیح الدین نے
اپنے تخلیقی نثری شہ پارے پیش کیے جنہیں سامعین نے بے حد سراہا۔ نثری نشست کے اختتام پر نمازِ عشاء اور ہلکے ناشتے کا وقفہ رکھا گیا۔نماز کے بعد باقاعدہ شعری نشست کا آغاز ہوا، جس میں آغاز ہی میں دو اہم کتابوں کی خوش خبری دی گئی:طاہر بلال کے شعری مجموعے "آگہی” اور ناہید طاہر کے ناول "ساحل کو چھو کر” کو کرناٹک اردو اکیڈمی نے اشاعت کے لیے منتخب کیا۔ اس موقع پر دونوں مصنفین نے اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں اسی نشست میں حسان عارفی نے اپنے دادا عبدالحمید عارف کے شعری مجموعے "نوشتۂ دیوار” کا اجراء کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جس کے بعد جمیل احمد نے ایک خوبصورت نعت بھی پیش کی ۔مشاعرے کی نظامت ضیاء عرشی نے اپنی بھرپور ادبی گرفت اور پر مزاح اسلوب سے اس محفل کو یادگار بنا دیا۔
صدارتی خطاب میں خواجہ مسیح الدین نے نہ صرف تمام شعرا کی دل سے پذیرائی کی بلکہ سامعین اور منتظمین کو اس کامیاب بزم کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترویج کے اس حسین سفر میں ادبی فورم کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی، ڈاکٹر شوکت پرویز اور قیوم احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار
کرتے ہوئے اس محفل کو ایک روحانی و ذہنی راحت کا باعث قرار دیا اور کہا کہ موجودہ پُر اضطراب دور میں ایسے مشاعرے قہقہوں اور خوشیوں کے نقیب بن کر دلوں کو تسکین دیتے ہیں۔ شرکاء مشاعرہ میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان کے اسماء درج ذیل ہیں: خواجہ مسیح الدین، طاہر بلال، اکرم علی اکرم، حسان عارفی، ضیاء عرشی، جمیل احمد، سعید اختر اعظمی، افتخار راغب، مزمل تماپوری، اسماعیل روشن، سہیل اقبال، ظفر محمود۔ تقریب کا اختتام رات 11:30 بجے صدر ادبی فورم طاہر بلال کے
کلماتِ تشکر کے ساتھ ہوا۔ بعد ازاں تمام مہمانانِ گرامی و شعراء کی تواضع پرتکلف عشائیے سے کی گئی۔ ادبی فورم، ریاض کی یہ کاوش بلاشبہ اردو زبان و ادب کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال ہے، جس نے نہ صرف شعری ذوق کی تسکین کی بلکہ محفل میں طنز و مزاح کی خوشبو بکھیر دی۔