کھمم: یوٹیوبر چلکا پروین کی گستاخی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، پبلک فار سوشل جسٹس نے ون ٹاؤن پولیس کو یادداشت پیش کی

کھمم: یوٹیوبر چلکا پروین کی گستاخی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، پبلک فار سوشل جسٹس نے ون ٹاؤن پولیس کو یادداشت پیش کی
کھمم میں پبلک فار سوشل جسٹس (شعبہ اقلیت) کی جانب سے یوٹیوبر چلکا پروین کی جانب سے شانِ رسالت میں گستاخی کے خلاف شدید احتجاج درج کرواتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں تنظیم کے کنوینر شیخ عبد الرحمان کی قیادت میں ایک وفد نے کھمم ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر سی آئی کرناکر سے ملاقات کی اور ایک تحریری یادداشت پیش کی۔
یادداشت میں کہا گیا کہ گستاخ یوٹیوبر چلکا پروین نے سوشل میڈیا پر نبی کریم ﷺ کی شانِ اقدس میں نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں، جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اس قسم کی گستاخیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا اور ایسے افراد کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
شیخ عبد الرحمان نے کہا کہ مسلمان ہر ظلم اور ناانصافی برداشت کر سکتا ہے، مگر نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی ذات ہمارے لیے متاعِ عزیز ہے، اور ہم کسی کو بھی اس پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وفد نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ یوٹیوبر چلکا پروین کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے اور اُسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے۔
اس موقع پر شیخ افضل، ڈاکٹر خضر، ٹیپو سلطان اور جاوید بھی موجود تھے، جنہوں نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے گستاخ رسول کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا۔