تعلیم جو صرف دماغ ہی نہیں، دل بھی بدل دے ۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں تربیت کے نئے دور کا آغاز

حیدرآباد ۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں جاری تین روزہ مربّی ایکسلنس ورکشاپ (Murabbi Excellence Workshop) کا اختتام ایک نئے عزم، نئی روح اور نئے فہم کے ساتھ ہوا۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ تمام مضامین کے اساتذہ کو صرف معلّم نہ رہنے دیا جائے بلکہ انہیں حقیقی معنوں میں مربّی بنایا جائے یعنی ٹیچرس ایسے رہنما بنیں جو بچوں کے دل کو چھو کر ان کی شخصیت کو سنوارے، انہیں علم کے ساتھ کردار، ادب، احساس اور تقویٰ سے بھی آراستہ کرے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا نظریہ بھی اسی پر قائم ہے:“تعلیم جو صرف دماغ ہی نہیں، دل بھی بدل دے” ایک ایسا نعرہ جو آج کے تعلیمی منظرنامے میں صرف ایک جملہ نہیں بلکہ ایک انقلابی پیغام ہے۔ کیونکہ دل کی تبدیلی کے بغیر علم صرف معلومات ہے، بصیرت نہیں۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے::بات یہ ہے کہ صرف آنکھیں ہی اندھی نہیں ہوتیں بلکہ وه دل اندھے ہو جاتے ہیں جو سینوں میں ہیں( ترجمہ سورہ الحج 22:46)۔ اور پھر نبی کریم ﷺ نے فرمایا:“جسم میں ایک گوشت کا ٹکڑا ہے، اگر وہ درست ہو جائے تو پورا جسم درست ہو جاتا ہے، اور اگر وہ خراب ہو جائے تو پورا جسم خراب ہو جاتا ہے، اور وہ ہے دل (صحیح بخاری و مسلم)”
اسی موضوع کو مزید وضاحت کے ساتھ نبی کریم ﷺ نے ایک اور حدیث میں یوں بیان فرمایا: بنی آدم کے تمام دل رحٰمن کی دو انگلیوں کے درمیان ایک دل کی طرح ہیں، وہ جہاں چاہتا ہے ان کو پھیر دیتا ہے (صحیح مسلم: کتاب القدر)۔ہم اس حقیقت کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے کہ انسان کا دل صرف اس کی مرضی یا کوشش سے نہیں سنبھلتا، بلکہ اصل اختیار اللہ رب العزت کے ہاتھ میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ اس قدر دل کے بارے میں فکر مند رہتے تھے کہ دن رات یہ دعا مانگا کرتے:“اے دلوں کو پلٹنے والے! میرے دل کو اپنے دین پر ثابت رکھ (صحیح مسلم: 2654/17)”
یہ حدیث ہمیں اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتی ہے کہ دلوں کی تبدیلی کا اختیار صرف اللہ کے پاس ہے۔ اور یہی وہ روح ہے جو ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی تعلیم میں شامل کی جا رہی ہے ایسی تعلیم جو دلوں کو بدل دے، اور رب سے جوڑ دے۔یہ تین روزہ تربیت صرف تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا ذریعہ نہیں تھا بلکہ ایک روحانی بیداری تھی۔ اس پروگرام کے ذریعے ایم ایس کے اساتذہ اب صرف مضمون نہیں پڑھائیں گے، وہ طلبہ کے دلوں کو چھوئیں گے، ان میں محبت، ادب، تقویٰ، صداقت، اور شکرگزاری جیسے اوصاف پیدا کریں گے۔
اس موقع پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین، محمد لطیف میموری خان نےکہا کہ ایم ایس ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ علم جب دل سے جڑ جائے، تب ہی وہ انسان کو بہتر مسلمان اور بہتر انسان بناتا ہے۔ مربّی ایکسلنس ورکشاپ کے اختتام پر ہم اپنے ان تمام اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے اس تربیتی سفر کو قبول کیا، سمجھا، اور خود کو ایک نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے تیار کیا
اور مربّی ایکسلنس ورکشاپ کے روحِ رواں، مولانا محمد شفیع الدین ندوی نقشبندی دامت برکاتہم کا شکریہ ادا کیا ، جنہوں نے تین دن اساتذہ کی تربیت کی۔