اردو اکیڈمی جدہ کا گیارہواں سہ ماہی پروگرام تمثیلی مشاعرہ
اُردو اور سی بی ایس سی امتحانات میں امتیازی کامیاب طلبہ کی پذیرائی اورچیئرمین انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کو تہنیت

جدہ سعودی عرب 2_ جون (نظام الدین غوری) اردواکیڈمی جدہ کے زیرِاہتمام انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ (گرلزسکشن) میں شاندارپیمانہ پر بہت ہی کامیاب سہ ماہی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا. جس میں تمثیلی مشاعرہ، دسویں اوربارہویں جماعت کے اردو کے امتیازی طلبہ و طالبات ونیز سی بی ایس سی بورڈ کے تحت جدہ کے نمایاں کامیاب طلبہ وطالبات کی پذیرائی تقریب اورمہمان خصوصی انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے معزز چیئرمین ڈاکٹرمحمد عبدالسلیم کو خصوصی تہنیت بھی پیش کی گئی۔
پروگرام کا آغازحافظ محمد نظام الدین غوری معتمد نشرواشاعت اکیڈمی کی تلاوتِ کلامِ پاک اور جناب سید محمد خالد حسین مدنی نائب صدر اکیڈمی کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ مکمل پروگرام بشمول تمثیلی مشاعرہ کی کارروائی جناب اسلم افغانی پروگرام کوآرڈینٹر اکیڈمی نے بہت ہی بہترین انداز میں چلائی ۔ اردو اکیڈمی کے صدر حافظ محمد عبدالسلام نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے اکیڈمی کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی اور مہمانان‘ اساتذہ کرام‘ اولیاء طلبہ اورحاضرین کا استقبال کیا۔
مہمان خصوصی انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد عبدالسلیم کوان کی تعلیمی خدمات، طلبہ وطالبات کی فلاح وبہبود کے لئے پالیسیوں اوراردو زبان کے فروغ میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے خصوصی تہنیت شال‘ گلدستہ اور یادگار’تمغہ اعترافِ خدمات‘ اُردواکیڈمی جدّہ کے ذمّہ داران حافظ محمد عبدالسلام صدر‘ مسرس سید خالد مدنی نائب صدر‘ سید نعیم الدین باری معتمد‘ سمیع فاروقی خازن‘اسلم افغانی پروگرام کوآرڈینیٹر‘ ڈاکٹرمرزاقدرت نوازبیگ جوائنٹ سکریٹری‘ حافظ محمد نظام الدین غوری معتمد نشرواشاعت‘ مسرس سید عبدالوھاب قادری جوائنٹ پروگرام کوآرڈینیٹر‘یوسف وحید سینئرمعززرکن اور محمد یحییٰ کے ہاتھوں پیش کیا گیا-
چیئرمین موصوف نے اپنی تقریر میں اردو اکیڈمی کے اس پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اردو زبان سے جوڑنے کے لیے اس طرح کی تقریبات بے حد ضروری ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مسلسل محنت اورعلم سے محبت کی تلقین کی اورتہنیت پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
بعد ازآں ڈاکٹرمرزا قدرت نوازبیک جوائنٹ سکریٹری نے انگریزی سے اُردو الفاظ معانی‘حافظ محمد نظام الدین غوری نے اُردو سےاُردو الفاظ معانی اورجناب سیدعبدالوھاب قادری جوائنٹ پروگرام کووآرڈینیٹر نے ادھورے اشعار پورے کریں جیسے پروگرام پیش کئے اورحاضرین سے سوالات کئے اور صحیح جواب دینے والوں کو تحائف پیش کئے گئے ۔
ڈاکٹر مفتی پرنس ضیاء رکن آئی آئی ایس جے کمیٹی اورمحترم مہتاب قدر صدر اُردو گلبن جدّہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اُردواکیڈمی جدّہ کی خدمات کو سراہا طلبہ وطالبات کو اُردو سے جوڑنے پر مبارکبادپیش کی-پروگرام کی سب سے دلکش اور خوبصورت "تمثیلی مشاعرہ”کی نشست رہی۔ جس میں طلبہ و طالبات نے اردو کے مشہور شعراء کا انداز اپناتے ہوئے ان کے منتخب اشعار پیش کیے۔ ان کے لباس، لب و لہجہ اور اندازِ بیان نے حاضرین کو ایسا محسوس کروایا جیسے اصل شعراء کلام پیش کررہے ہوں۔ مشاعرہ کی اس ادبی محفل کو سامعین نے بے حد سراہا اورداد وتحسین سے نوازا۔اکیڈمی کی جانب سے تمام طلبہ و طالبات کوخوبصورت یادگار ’تمغہ شرکت‘ سے نوازا گیا۔
آخر میں اردو زبان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جدہ کے مدارس کے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتیازی طلبہ و طالبات اور سی بی ایس سی بورڈ میں نمایاں کامیاب طلبہ وطالبات کو خصوصی ’تمغہ حُسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔ پروگرام میں جدہ کی معروف تعلیمی، ادبی اور سماجی تنظیموں کے ذمّہ داران، مختلف اسکولز کے ہیڈ ماسٹرس،اساتذہ، اولیاء طلبہ اورعوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی جسکی وجہ سے گرلز سیکشن کا آڈیٹوریم اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھااوراس تقریب کوکامیاب او یادگار بنا دیا۔ جن میں ڈاکٹر مفتی پرنس ضیاء ‘ غضنفر ممتاز اراکین آئی آئی ایس جے کمیٹی‘ قمر سادہ بھٹکل‘محترم مہتاب قدر صدراُردو گلبن جدّہ ‘انجینئر خواجہ محی الدین جے ٹی ایس ‘ محمد فاروق بزمِ اتحاد‘شمیم کوثر کے ٹی ٹی‘ سید افضل ٹی ڈبلیو ایف‘ محمد فہیم اقبال اکیڈمی جدہ اور سید افضل الدین نقشبندی اہلیانِ جدہ قابلِ ذکرہیں.
حاضرین کے تاثرات رہے کہ اس نوعیت کی تقریبات اردو کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔ ڈاکٹر خواجہ یامین الدین معزز رُکن اکیڈمی کے شکریہ کے ساتھ ہوا- دارالعلم جدہ کے اراکین محمد وسیم‘ محمد جعفر‘ محمد سمیر‘ حافظ محمد ذیشان علی اور محمد عزیر شہباز نے تمام پروگرام کے انتظامات میں حصّہ لیا۔