سعودی ولی عہد کا حج وفود کے سربراہان اور مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ۔ قدیم روایت کا اعادہ

کے این واصف
سربراہان اور حج وفود کے قائدین کے اعزاز میں استقبالیہ مملکت کی ایک قدیم روایت ہے۔ اس اجتماع میں دنیا بھر کی مسلم نمائندہ شخصیات یکجا ہوتی ہیں۔ جہاں آپسی دلچسپی کے امور اور عام مسائل پر تبادلہ خیال کا موقع میسر آتا ہے۔
اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے سنیچر کو منیٰ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے سالانہ سرکاری استقبالیے کی میزبانی کی۔شہزادہ محمد بن سلمان نے اسلامی شخصیات، خادم حرمین شریفین کے مہمانوں، سرکاری اداروں کے مہمانوں اور حج وفود کے سربراہان کا خیرمقدم کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور موریطانیہ کے صدر محمد ولد الشیخ الغزوانی بھی موجود تھے جنہوں نے اس سال حج کی سعادت حاصل کی۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعہ کو منیٰ پیلس میں شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے شاہی شخصیات، حج آپریشن میں شامل فوجی سپریم کمانڈرز، مفتی اعظم، علما، جی سی سی ملکوں کے سینیئرحکام اور وزرا کا خیرمقدم کیا تھا جو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دینے آئے تھے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس سال کے حج سیزن کی کامیابی کی تعریف کی اور اس کا کریڈٹ دو مقدس مساجد اور زائرین کی خدمت کے حوالے سے مملکت کے عزم کو دیا۔