جنرل نیوز

اردو یونیورسٹی میں بین الاقوامی یومِ یوگا کا اہتمام

حیدرآباد، 13 جون(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں نظامت جسمانی تعلیم و کھیل کود کے زیر اہتمام بین الاقوامی یومِ یوگا 21 جون کو منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ پروگرام صبح 7 بجے انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ عالمی سطح پر یومِ یوگا کے انعقاد کا اس برس ایک دہا مکمل ہونے جارہا ہے۔

 

وزارت آیوش کی جانب اس برس کے پروگرام کو ”یوگا سنگم“ کا نام دیا گیا ہے۔ یوگا سنگم کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ مقامات پر بیک وقت صبح 6:30 تا 7:45 یوگا کی عملی مشقیں منعقد کی جائے گی۔ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یوگا کے فوائد سے واقف کروانا ہے۔ اس برس عالمی یومِ یوگا کا موضوع ”یوگا فار ون ارتھ ون ہیلتھ“ (یوگا برائے ایک زمین، ایک صحت) ہے۔

 

اس پروگرام کا اہتمام دفتر تعلقات عامہ، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سیکشن، انسٹرکشنل میڈیا سنٹر مشترکہ طور پر کر رہے ہیں اور مانو ماڈل اسکول، فلک نما کے طلبہ اس پروگرام کے لیے خاص طور پر مدعو ہیں۔ ڈائرکٹر نظامت جسمانی تعلیم و کھیل کود ڈاکٹر کلیم اللہ کے مطابق اس پروگرام میں تمام طلبہ، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور ہیڈ کوارٹر میں موجود اسٹاف کے اراکین خاندان کے علاوہ ٹیلی کام نگر ریزیڈنٹس اسوسی ایشن، ایل اینڈ ٹی سیرین کاﺅنٹی سوسائٹی، کے اراکین بھی شرکت کررہے ہیں۔

 

پروگرام میں شرکت کے خواہشمند گوگل فارم https://forms.gle/RYovEaWDTQxaak3eA پُر کرتے ہوئے اپنا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ یوگا سنگم کے اہتمام کا مقصد متنوع علاقوں اور ثقافتوں کے درمیان یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی پیدا کرنا، عوام میں یوگا کو اپنی زندگیوں اپنانے کے لیے ترغیب دینا اور ہندوستان کی شاندار میراث کا جشن منانا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button