غوث نگر ہائی اسکول کی طالبہ سمیہ بیگم کو "مہاتما جوتی با پھولے پرتھیبھا ایوارڈ” — بی سی ٹی اے کے زیر اہتمام شاندارتقریب ۔

غوث نگر ہائی اسکول کی طالبہ سمیہ بیگم کو "مہاتما جوتی با پھولے پرتھیبھا ایوارڈ” — بی سی ٹی اے کے زیر اہتمام شاندارتقریب ۔
اساتذہ برادری ،یونین قائدین اور شہر کی معزز شخصیتوں کی مبارک باد۔ صدر مدرس شاہد علی حسرت نے کیا اظہار تشکر۔
حیدرآباد، 14 جون:(اردو لیکس بیورو)
بہوجن کلاس ٹیچرز اسوسی ایشن (BCTA) کے زیراہتمام آج اسٹینلی گرلز ہائی اسکول عابڈس کے بشپ ہال میں دسویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پروقار اور متاثر کن تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب میں ریاستی، ضلعی اور منڈل سطح کے تعلیمی قائدین، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بھرپور شرکت دیکھی گئی۔
اس موقع پر گورنمنٹ ہائی اسکول، غوث نگر، بنڈلہ گوڑہ کی پہلی بیچ کی ہونہار طالبہ سمیہ بیگم کو دسویں جماعت میں شاندار تعلیمی کارکردگی پر "مہاتما جوتی با پھولے پرتھیبھا ایوارڈ” سے سرفراز کیا گیا۔ یہ ایوارڈ راجیہ سبھا کے معزز رکن جناب آر کرشنیا اور اساتذہ ایم ایل سی کی موجودگی میں عطا کیا گیا۔
واضح رہے کہ غوث نگر ہائی اسکول کو حالیہ سالوں میں اپگریڈ کر کے ہائی اسکول کا درجہ دیا گیا ہے، اور یہاں تمام اساتذہ کا تقرر ڈی ایس سی 2024 کے ذریعے عمل میں آیا ہے۔ باوجود قلیل مدت کے، صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت کی بہترین قیادت اور تمام اساتذہ کی اجتماعی محنت کی بدولت اسکول نے پہلے ہی سال میں دسویں جماعت کے شاندار نتائج دے کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا ایم پی جناب آر کرشنیا نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں طلبہ کے لیے ہر قسم کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے فلاحی ٹرسٹ کے ذریعے مستحق طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا، جس پر حاضرین نے پرجوش خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر بی سی ٹی اے کے صدر جناب کرشنوڈو نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور صدر مدرسین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام سب کے تعاون سے کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم آئندہ بھی طلبہ کی تعلیمی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔
اسٹیٹ ٹیچرز یونین (STU) کے ریاستی صدر جناب سدانندم گوڑ نے اساتذہ برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہونہار طلبہ کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے اپنی اندھک محنت اور مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی رہنمائی طلبہ کے مستقبل کو روشن بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ضلع حیدرآباد کے STU صدر جناب محمد افتخار الدین نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے شاندار نتائج دراصل اساتذہ، صدر مدرسین اور اسکول انتظامیہ کے باہمی ربط، تعاون اور منظم صلاحیتوں کا عملی مظہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اسی نظم و ضبط کو برقرار رکھا جائے تو ہر اسکول معیاری تعلیم کا مرکز بن سکتا ہے۔
معتمد عمومی جناب سبّا راؤ نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ جو آج محنت کرتا ہے، اسے کل ضرور کامیابی نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مستقل مزاجی اور لگن سے پڑھائی جاری رکھنے کی تلقین کی۔
اس پُروقار تقریب میں "اپادھیاوانی” کے ایڈیٹر ایل ایم پرساد، ضلعی قائدین سید واجد علی، محمد علی،اکبر علی قریشی ، جی شڈرک ،منڈل قائد محمد تمیز الدین و ماہرین تعلیم ، عظیم ساجد صاحب،حسام الدین صاحب، علیم الدین صاحب ، زینب سلطانہ (سابق ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر بنڈلہ گوڑہ)، شانتا بائی راٹھوڑ (موجودہ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر بنڈلہ گوڑہ)سمیت مختلف اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی۔
صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت نے تمام ایوارڈ یافتہ طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ غوث نگر ہائی اسکول کا یہ پہلا بیچ کامیابی کی جانب پہلا قدم ہے، اور آنے والے دنوں میں اسکول مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔
نظامت کے فرائض جناب گڈوری شڈرک صاحب نے انجام دیے اور سنتوش کمار صاحب نے اظہار تشکر کیا۔
