حج 2025 – مسجد نبوی میں حجاج کو گرمی سے بچانے کےلیے 5 ہزار چھتریاں تقسیم

کے این واصف
مدینہ منورہ میں اب بھی بڑی تعداد میں حجاج کرام موجود ہیں اور موسم ہنوز شدید گرم ہے۔ حجاج کو راحت پہنچانے اور گرمی بچانے مدینہ ہیلتھ کمپلیکس کی جانب سے حجاج کو ’لو‘ لگنے سے محفوظ رکھنے کےلیے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ نیزمسجد نبوی کے بیرونی صحنوں میں جمعہ کو 5 ہزار چھتریاں اور واٹر شاورنگ باٹلز تقسیم کی گئی ہیں۔
مقامی میڈیاکے مطابق ان دنوں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بڑی تعداد میں دنیا بھر سے آنے والے حجاج موجود ہیں جو فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مرحلہ وار مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔
مدینہ امور صحت کی ٹیموں نے حجاج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کےلیے آگاہی مہم کے تحت مختلف رضاکار ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو حجاج کو دھوپ کی تپش سے محفوظ رہنے کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔
رہنما ٹیموں میں شامل طبی اہلکار حجاج کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور براہ راست دھوپ کی تپش سے محفوظ رہنے کی ہدایات کرتے ہیں تاکہ وہ اس مقدس سفر میں بیمار ہونے سے بچ سکیں اور بہتر صحت کے ساتھ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں۔