راہول گاندھی کی سالگرہ پر جگتیال میں کانگریس قائدین نے منائی خوشی، مکثر علی نیہال نے راہول کو مستقبل کا وزیراعظم قرار دیا

جگتیال شہر میں آل انڈیا کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب شاندار انداز میں منائی گئی۔ اس موقع پر مقامی کانگریس دفتر کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور کارکنوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ تقریب میں سابق رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی، کانگریس قائدین بنڈا شنکر، درگیا، اقلیتی کانگریس کے صدر مکثر علی نیہال، یوتھ کانگریس، خواتین کانگریس، این ایس یو آئی اور دیگر ذیلی تنظیموں کے قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد شریک رہی۔
تقریب کا آغاز راہول گاندھی کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا گیا، اس کے بعد کیک کاٹا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے راہول گاندھی کی سیاسی خدمات، قربانیوں اور عوامی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
اقلیتی کانگریس جگتیال کے صدر مکثر علی نیہال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی ملک کے وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں عوام کے درمیان رہ کر جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور آمریت کے خلاف آواز اٹھانے کی ہمت صرف راہول گاندھی میں ہے۔ وہ نہ صرف ایک نڈر لیڈر ہیں بلکہ ایک حساس اور سنجیدہ سیاستدان بھی ہیں جنہیں ملک کا نوجوان طبقہ، کسان، مزدور اور اقلیتیں اپنی امید کی کرن سمجھتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 2029 کے عام انتخابات میں راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔
اس موقع پر مختلف مقررین نے کہا کہ راہول گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ اور ’نیا نظریہ سیاست‘ آج کے نوجوانوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے، اور ان کی سالگرہ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ عوامی شعور اور عزم کا دن بن چکی ہے۔
آخر میں تمام قائدین نے ملک میں امن، ہم آہنگی اور راہول گاندھی کی لمبی عمر کے لیے دعا کی۔