کورٹلہ ٹاؤن مجلس کے صدر ایم اے رفیع کی سرکاری ہاسپٹل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی اعلی عہدیداروں سے نمائندگی

کورٹلہ ٹاؤن مجلس کے صدر ایم۔اے۔ رفیع اور جنرل سیکریٹری عبد الوجید نے کورٹلہ کے سرکاری اسپتال میں جاری بدانتظامی، سہولیات کی کمی اور ماہر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
مجلس قائدین نے بتایا کہ کورٹلہ اسپتال میں نہ تو ایمرجنسی کیسز کو سنبھالا جا رہا ہے، نہ ہی آرتھوپیڈک، جنرل سرجن یا ای این ٹی (ناک، کان، گلا) ڈاکٹرس موجود ہیں، الٹراساؤنڈ مشین، ایکسرے مشین اگر ہیں بھی تو قابل استعمال نہیں، بلیڈ کے بینک کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے
۔ ان کے مطابق اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کو فوری طور پر جگتیال منتقل کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے کئی مریض راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں یا وقت پر علاج نہ ملنے کے سبب پریشان کن حالات کا سامنا کرتے ہیں۔ مجلس قائدین نے بتایا کہ اسپتال کے ذمہ داران ڈاکٹر سنیتا رانی (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) اور ڈاکٹر وینود کمار (ریزیڈنشل میڈیکل آفیسر) نے بھی اس تعلق سے ایک تحریری شکایت آر دی او کے دفتر کو پیش کی ہے تاکہ اسپتال کو درکار مشینری، عملہ اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایم۔اے۔ رفیع اور عبد الوجید نے حکومت اور محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ کورٹلہ اسپتال میں فوری طور پر ماہر ڈاکٹروں کا تقرر کیا جائے، تمام طبی مشینری کو فعال بنایا جائے، ایمرجنسی خدمات کو بہتر بنایا جائے اور خون کے بینک سمیت تمام بنیادی سہولیات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔
مجلس قائدین نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف کورٹلہ ٹاؤن تک محدود نہیں بلکہ اس اسپتال پر ان گنت دیہی علاقوں کے عوام کا انحصار ہے، اس لیے حکومت ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے فوری اقدامات کرے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر علاج کی سہولت حاصل ہو سکے۔