عادل آباد کے اقلیتی اقامتی اسکولوں کے نان ٹیچنگ اسٹاف کی بحالی، محمد اطہراللہ کی مؤثر نمائندگی کو سراہا گیا

عادل آباد کے اقلیتی اقامتی اسکولوں کے نان ٹیچنگ اسٹاف کی بحالی، محمد اطہراللہ کی مؤثر نمائندگی کو سراہا گیا
عادل آباد۔20/جون(اردو لیکس)عرصہ دراز سے عادل آباد ضلع کے مختلف اقلیتی اقامتی اسکولس میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 12 نان ٹیچنگ اسٹاف کو حالیہ دنوں آر ایل سی کی جانب سے زبانی احکامات کی بنیاد پر برطرف کردیا گیا تھا،
جس سے ان ملازمین میں شدید اضطراب اور بےچینی کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی۔اس ناانصافی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹی کمیشن کے فعال و متحرک رکن محمد اطہراللہ نے برطرفی کے غیر قانونی طریقۂ کار پر آر ایل سی پر برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر تمام متاثرہ ملازمین کو ان کے عہدوں پر بحال کرنے کی سخت ہدایت جاری کی تھی۔
محمد اطہراللہ کی فوری، دلیرانہ اور مؤثر نمائندگی کے نتیجے میں آج تمام برطرف شدہ نان ٹیچنگ اسٹاف کو دوبارہ بحال کردیا گیا، جس پر ملازمین نے خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اطہراللہ سے اظہار تشکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے نڈر اور انصاف پسند نمائندے ہی مظلوموں کی آواز بنتے ہیں۔محمد اطہراللہ کی اس کامیاب اور جرأت مندانہ مداخلت کو مختلف سماجی، تعلیمی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کی بے باک قیادت اور اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو مثالی قرار دیا جا رہا ہے۔